11

اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ورکشاپ،5 سالہ ترقیاتی پروگرام شروع کیا جائیگا،ایڈیشنل چیف سیکرٹری

ملتان(سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں ترقی کا نیا سفر شروع کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے 5 سالہ ترقیاتی پروگرام شروع کیا جائے گا،جس کے ذریعے موصول ہونی والی گرانٹ کو صرف اس خطے میں ہی خرچ کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ عالمی ڈونرز کی گرانٹ اور حکومتی بجٹ میں رواں سال جنوبی پنجاب کی سکیموں اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کیلئے علیحدہ فریم ورک ترتیب دیا گیا ہے جس سے ترقی کی راہیں کھلیں گیان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور اقوام متحدہ کے زیر اہتمام نجی ہوٹل میں ترقیاتی پروگرام 2023-2027 کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز،قومی تعمیر نو کے اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی،جبکہ اقوام متحدہ پاکستان کے ریذیڈنٹ ہیڈ اسلام آباد آفس شاہ ناصر خان،جوائنٹ سیکرٹری یو این نیلوفر زاھد،مس سمیرا اور لیلی رباب بھی شریک تھیں،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے استقبالی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور درپیش مسائل کا جائزہ لینے کیلئے انتظامیہ اور یو این کا ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونا خوش آئند ہے۔جنوبی پنجاب میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے حکومت کو اقوام متحدہ کی بھرپور معاونت حاصل ہے۔سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل فارن گرانٹ کے موثر استعمال کیلئے سرکاری شعبہ بھرپور اقدامات کرے تاکہ عالمی ڈونرز کا اعتماد بحال کیا جاسکے۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ تعلیم اور صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر فنڈنگ کی جارہی ہے اگلے 5 سالہ پروگرام کیلئے تمام محکموں کے سیکرٹریز اقوام متحدہ کو اپنی ترجیحات سے اگاہ کریں تاکہ جنوبی پنجاب کے بجٹ میں گرانٹ شامل کرکے ان منصوبوں پر کام شروع کیا جاسکے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے مزید کہا کہ عالمی ڈونرز کو جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے موثر پلان فراہم کیا جارہا ہے تاکہ اگلے بجٹ میں یہ تجاویز کو شامل کیا جاسکے۔ثاقب ظفر کا کہنا تھا کہ یو این سمیت عالمی ادارے جنوبی پنجاب کی ترقی میں خصوصی فوکس رکھتے ہیں وطن عزیز کی خواتین کو معاشرے کا کارآمد حصہ بنانے کیلئے خصوصی منصوبے تجویز کرینگے۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے نمائندگان شاہ ناصر خان اور نیلوفر زاھد نے کہا کہ ماحولیات،واٹر منیجمنٹ اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھائیں گے۔اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جنوبی پنجاب کے منصوبوں کیلئے یو این کی مختص گرانٹ کے شفاف استعمال کو بھی یقینی بنائیں گے۔شاہ ناصر خان نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں اور سالانہ ترقیاتی پروگرام پر حکومت کو مکمل سپورٹ کرتے ہوئے غربت کا خاتمہ اور ہنر مند افراد میں اضافہ اقوام متحدہ کا بنیادی فوکس ہے۔آخر میں ورکشاپ میں جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز نے اپنے محکموں کے حوالے سے بریفننگ بھی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں