9

انجمن تاجران گلشن مارکیٹ کا رشوت لینے پر تھانہ شاہ رکن عالم کے ایس ایچ او اور محرر کیخلاف احتجاج

ملتان(سٹاف رپورٹر)انجمن تاجران گلشن مارکیٹ کے صدر چوہدری محمد الیاس اور جنرل سیکرٹری چوہدری محمد سلیم کمبوہ نے کہا ہے کہ تھانہ شاہ رکن عالم کے ایس ایچ اوطاہر مشتاق اور محررشاہد سلیم سنگھیڑاتاجر برادری کو کورونا ایس او پیز کی آڑ میں ناجائز تنگ اور حراساں کررہے ہیں،رشوت نہ دینے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں ،وزیر اعظم پاکستان ،وزیر اعلیٰ پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تھانہ شاہ رکن عالم کے کرپٹ ایس ایچ او اور محررکے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں معطل کیا جائے بصورت دیگر تاجر برادری تین دن بعد ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کے دفتر کا گھیرائو کرے گی،جس میں پورے پاکستان کی تاجر نمائندگان شامل ہوں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن مارکیٹ میں تھانہ شاہ رکن عالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کے موقع پر مظاہرین کی قیادت کرتے ہوئے خطاب کے دوران کیا،مظاہرین نے سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور تھانہ شاہ رکن عالم کے خلاف ہراسمنٹ ناجائز تنگ کرنے اور رشوت لینے پر علامتی طور پرہڑتال بھی کی اور ٹائر جلا کر روڈ تین گھنٹے تک بلاک رکھا،چوہدری الیاس ،چوہدری سلیم کمبوہ ،ندیم اشفاق ایڈووکیٹ اور یونس قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو سال سے کورونا لاک ڈائون نے تاجروں کے کاروبار تباہ کررکھے ہیں اور اب کورونا کی چوتھی لہر جو کہ شدید لہر کہی جا رہی ہے کے دوران لاک ڈائون کی آڑمیں تھانہ شاہ رکن عالم کے ایس ایچ اوطاہر مشتاق اور محرر شاہد سلیم سنگھیڑانے تاجروں کا معاشی قتل شروع کر رکھا ہے آئے روز تاجروں سے کورونا ایس او پیز کی آڑ میں رشوت غنڈہ ٹیکس وصول کررہے ہیں،رشوت نہ دینے والے تاجر کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں مقدمہ کی مثل لکھنے کے تین تین ہزار محرر رشوت وصول کررہا ہے اور رشوت نہ دینے والے تاجروں کو تشدد بے عزتی اور نازیبا الفاظ سے بے عزت کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہم اس امر کی شدید مزمت کرتے ہیں اور اعلی حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تین دن کے اندر اندر اس کرپٹ تھانیداروں کو برطرف کیا جا ئے بصورت دیگر تاجر برادری ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کے دفتر کا گھیرائو کرے گی اور حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی،احتجاجی مظاہرہ میں عارف نور ،زوہیب چوہان ،چوہدری شکیل ،چوہدری عمر ،ملک فضل عباس بھٹی ،رانا عبدالغفار ،ماجد قریشی ،فہد خان بھٹی ،دانیال بھٹی ،محمد آصف ،محمد عرفان الیاس،سید شبیہ الحسن شاہ ،سید حسن علی شاہ ،چوہدری علی ،محمد شہزاد یونس ،عاقب قریشی اور دیگر تاجروں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں