10

انسداد پولیو سرگرمیوں میں مائیکرو پلان کو کلیدی اہمیت دی جائے،سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب

ملتان،سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی جنوبی پنجاب کو پولیو سے پاک بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے، سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب نے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو افسران کو پولیو کے خلاف موثر ایکشن پلان تیار کرنے کا ٹاسک دے دیا،تفصیلات کے مطابق ہیلتھ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب ملتان میں ایکشن پلان بارے تفصیلی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے کی،اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ جنوبی پنجاب، تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹیو افسران، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران، عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان ، ڈسٹرکٹ کمیونیکیشن افسران اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں پولیو کے مکمل خاتمہ اور ایکشن پلان کو مزید موثر بنانے کے لئے مائیکرو پلان کی تیاری کو زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے محکمہ صحت جنوبی پنجاب کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو سرگرمیوں میں مائیکرو پلان بنیادی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، اسے کلیدی اہمیت دی جائے اورمائیکرو پلان کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے مشاہدات اور تجاویز کو لازمی شامل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مائیکرو پلان کی تیاری میں فیلڈ اسٹاف کو لازمی جزو کے طور پر متحرک کیا جائے،انہوں نے سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو پولیو سے پاک ریجن بنانے میں ہر کوئی ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دے۔ علاوہ ازیں سیکرٹری صحت نے جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں صحت گھر پراجیکٹ شروع کرنے بارے جنوبی پنجاب کے چیف ایگزیکٹیو افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت گھر پراجیکٹ دور دراز میں رہنے والوں کو ان کی دہلیز پر صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنے میں بہت زیادہ معاون ثابت ہوگا۔ ابتدائی طور پر یہ منصوبہ ضلع لیہ اور رحیم یارخان میں شروع کیا جارہا ہے۔ اس منصوبہ میں پہلے سے موجود دیہی ڈسپنسریوں کو استعمال میں لایا جائے گا اور مزید نئی عمارتیں بھی تعمیر کی جائیں گی جس کے لیے مخیر افراد سے ہر ممکن مدد لی جائے گی۔ انہوں نے لیہ اور رحیم یارخان کے چیف ایگزیکٹیو افسران کے علاوہ تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں کمیونٹی اور مقامات کی نشاندہی فوری طور پر کریں تاکہ دستیاب وسائل میں یہ منصوبہ شروع کر کے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں