10

آصف زرداری سے جنوبی پنجاب کے رہنماؤں کی ملاقاتیں،شکایات کے انبار

ملتان،پی پی پی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری نے جنوبی پنجاب میں اپنی پارٹی کو متحرک کرنے کے لئے‘ ناراض کارکنوں کو منانے کے لئے اور جیالوں کو گھروں سے باہر نکالنے کے لئے حکمت عملی طے کر لی ہے،پارٹی کی اعلیٰ قیادت جلد ہی لاہور کے بعد ملتان اور جنوبی پنجاب کا رُخ کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر مرکزی رہنما ملتان اور جنوبی پنجاب میں ہنگامی دورے کریں گے‘ پارٹی کے اندرونی ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف علی زرداری کے دورہ لاہور کے موقع پر پی پی پی جنوبی پنجاب کے اہم عہدیداروں نے ملاقاتوں کے دوران شکایات کے انبار لگا دیئے اور بنیادی جیالوں کو مسلسل نظر انداز کئے جانے پارٹی کے قائدین کی جانب سے نظر انداز کئے جانے کے شکوے بھی کئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پی پی پی عام الیکشن میں قبل ملتان سمیت جنوبی پنجاب کو الگ سے فوکس کر کے اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف علی زرداری کو اس موقع پر بتایا گیا کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب سے پی پی پی اگر امیدواروں کا چناؤ بہتر کرے تو آئندہ عام انتخابات میں پی پی پی ملتان‘ لیہ‘ ڈی جی خان‘ راجن پور‘ مظفرگڑھ‘ لودھراں‘ بہاولپور‘ رحیم یار خان کے اضلاع سے کئی نشستیں جیت سکتی ہے۔ پی پی پی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری جو گزشتہ چند روز سے لاہور ہی میں مقیم ہیں سے ملاقات کرنے والے جنوبی پنجاب کے اہم عہدیداروں نے شکوہ کیا اور ان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ پارٹی کے جیالے مایوس ہو کر گھر بیٹھ چکے ہیں۔ اگر ان جیالوں کو گھروں سے باہر نکالنا ہے تو پارٹی کے مرکزی قائدین کو آئندہ انتخابات سے قبل تسلسل کے ساتھ ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب کے دورے کرنا چاہئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حوالے سے پی پی پی کے مرکزی قائد آصف علی زرداری نے اس پر بھرپور طریقے سے عمل پیرا ہونے کا عزم کا اظہار کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں