4

ایم ڈی واسا شہزاد منیر کا ٹی بی ہسپتال روڈ پر سیوریج لائن کی تبدیلی کے منصوبے کا معائنہ،کام جلد مکمل کرنیکا حکم


ملتان(سٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا شہزاد منیر نے کہا ہے کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بنیادی سہولیات میں بہتری لانا اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ اولین ترجیح ہے،واسا کے زیر انتظام سیوریج اور واٹر سپلائی کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرکے ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے،انہوں نے ٹی بی ہسپتال روڈ،نواب پور روڈ سمیت دیگر تمام سیوریج منصوبوں کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹی بی ہسپتال روڈ بوسیدہ سیوریج لائن تبدیلی منصوبے کا دورہ،ہیڈ آفس میں منصوبوں کی کارکردگی اور چاہ حفیظ والا سیوریج نالے کی صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا،ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج نارتھ ڈویژن و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسپوزل سٹیشن ڈویژن عارف عباس،ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج ساؤتھ ڈویژن حفیظ لغاری،ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج سنٹرل ڈویژن محمد وقاص ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر سپلائی ڈویژن رابعہ محفوظ اجلاس میں شریک تھیں،اس دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا شہزاد منیر نے تمام سیوریج، واٹر سپلائی اور ڈسپوزل سٹیشن ڈویژنوں میں اے ڈی پی منصوبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کو کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں پایا تکمیل تک پہنچا کر شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کے بنیادی سہولیات سے مستفید کرنے کی ہدایت کی،انہوں نے دہلی گیٹ کے علاقے چاہ حفیظ والا کے سیوریج نالے کی صفائی کے کام کا بھی جائزہ لیا اور نیو ملتان سیوریج سب ڈویژن کو نالے کی صفائی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی،انہوں نے ٹی بی ہسپتال روڈ پر بوسیدہ سیوریج لائن تبدیلی کے کام کا بھی جائزہ لیا اس دوران انہیں بتایا گیا کہ ٹی بی ہسپتال روڈ پر اب تک ساڑھے چھ سو فٹ 42 انچ سائز کی سیوریج لائن تبدیل کی جا چکی ہے اور یہ سیوریج لائن تبدیلی کا منصوبہ چونگی نمبر 14 سے خونی برج تک اور پھر دہلی گیٹ چوک تک مکمل کیا جائے گا،انہوں نے اس دوران تمام افسران کو حالیہ بارشوں کی پیش گوئی کے دوران الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں