15

ایڈیشنل آئی جی کا تھانہ سٹی شجاع آباد کا دورہ،سہولیات اور حوالات کی انسپکشن

ملتان(احمر خان سے)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے اچانک تھانہ سٹی شجاع آباد کا دورہ کیا اور تھانے میں سائلین کو فراہم کردہ سہولیات اور حوالات کی انسپکشن کی،اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی نے تھانے کا ریکارڈ بھی چیک کیا اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں پر تفصیلی بریفننگ بھی لی،اس موقع پر کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے تھانے میں آئے شہریوں سے گفتگو بھی کی اور انکی درخواستوں پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت احکامات بھی جاری کئے،ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ کا شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تھانے کو عام آدمی کیلئے خوف کے بجائے تحفظ کی علامت بنانا مشن ہے،اس مقصدِ کے حصول کیلئے تھانہ کی سطح پر اصلاحات کا عمل جاری ہے۔تھانوں میں قائم فرنٹ ڈیسک پر تربیت یافتہ اور بااخلاق عملہ کسی بھی درخواست پر فوری متعلقہ اتھارٹی کو کارروائی کیلئے کیس بجھوانے کا پابند ہے اس نظام سے ٹاؤٹ مافیا کا مکمل خاتمہ کیا جارہا ہے۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ وردی کو طاقت کی علامت سمجھ کر مظلوم سے ظلم کرنے والے اہکار و افسران کی جنوبی پنجاب فورس میں گنجائش نہیں ہے کسی صورت پولیس کے امیج کو ان کرپٹ عناصر کی بھینٹ چڑھنے نہیں دینگے۔اس موقع پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل نے تھانے میں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور اسلحہ خانہ سمیت تھانے کے مخلتف شعبوں کی حالت بہتر کرنے کے احکامات بھی جاری کئے،ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے واضح کیا کہ تھانوں کی سرپرائز چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں