9

بارشوں کی وجہ سے اگر کپاس کا رنگ پیلا ہو جائے تو کاشتکار یوریا کھاد کا محلول سپرے کریں،ڈاکٹر زاہد محمود

ملتان(سٹاف رپورٹر)سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ،ملتان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد محمود نے کپاس کے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چونکہ اس وقت ہرطرف بارشیں ہو رہی ہیں اور بعض اوقات کپاس کے کھیت میں پانی زیادہ دیر کھڑا رہنے سے کپاس کے پودوں کا رنگ پیلا ہونا شروع ہوجاتا ہے تو ایسی صورت میں کاشتکار پانی کے نکاس کے بعد وتر آنے پر یوریا کھاد کا دو فیصد محلول یعنی 2کلوگرام یوریا 100لٹر پانی میں ملا کرکپاس کی فصل پر سپرے کریں۔ ایسی صورت میں سپرے کے بعد بھی پودوں کی بڑھوتری مناسب طریقے سے نہ ہو رہی ہو تو 10 دن کے وقفے سے دوبارہ سپرے کریں۔ اور کاشتکاروں کو چاہئیے کہ وہ بارش کے بعد کھیت میں جمع ہونے والے پانی کو زیادہ دیر تک کھڑا نہ ہونے دیں۔ پانی اگر 24 گھنٹے سے زیادہ دیر جمع رہے تو فصل کی بڑھوتری رک جاتی ہے جبکہ 48 گھنٹے بعد پودے مرجھانے لگتے ہیں۔ اور اگر کپاس کے کھیت کے قریب چاول، چارہ جات یا کماد کی فصل موجود ہو تو مناسب یہی ہے کہ زائد پانی کو ان فصلوں میں منتقل کر دیا جائے۔ ایسا ممکن نہ ہو تو کھیت کی ایک طرف چار فٹ گہری اور دو فٹ چوڑی کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کر لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں