10

بلدیاتی اداروں کے سلسلے میں ٹرانزیشن کمیٹیاں تشکیل،اثاثوں اور افرادی قوت کی تقسیم کے فیصلے ٹرانزیشن کمیٹی کریگی،ڈپٹی کمشنر

ملتان(سٹاف رپورٹر)محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب نے بلدیاتی اداروں کے سلسلے میں ٹرانزیشن کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت ضلع ملتان کی ٹرانزیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا،جس میں ٹرانزیشن کمیٹی کے ممبران نویدالحق ارائیں،دیوان عباس بخاری، دستگیر اٹھنگل،منور احسان قریشی، سعید انصاری، اور ڈاکٹر رفیق احمد نے شرکت کی،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بلدیات پنجاب نے سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں ٹرانزیشن کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں،تاکہ اثاثوں کی تقسیم کا عمل شروع کیا جاسکے،انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں یونین کونسل کا وجود ختم ہو چکا ہے جبکہ تحصیل کونسلوں کے قیام کے بعد ایک طویل مشق کے ذریعے بلدیاتی اداروں کے اثاثے تقسیم کر دئے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اب بلدیاتی اداروں کے اثاثوں،ہیومن ریسورس اور انفراسٹرکچر کی تقسیم کا عمل دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت ہے،اثاثوں اور افرادی قوت کی تقسیم کے فیصلے ٹرانزیشن کمیٹی کرے گی،علی شہزاد نے کہا کہ انتظامیہ نے اس سلسلے میں ہوم ورک شروع کر دیا ہے جبکہ محکمہ بلدیات پنجاب سے بھی اس حوالے سے رہنمائی حاصل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے اثاثوں کی تقسیم کے فیصلے باہمی اعتماد اور مشاورت سے کئے جائیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی، محمد طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں