9

بلین ٹری منصوبہ آنے والی نسلوں کا مستقبل سنوارے گا، شیخ رشید

راولپنڈی(بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے سے مثبت ماحولیاتی تبدیلی آئے گی،10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ آنے والی نسلوں کا مستقبل سنوارے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو راولپنڈی کینٹ میں مون سون شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر سینٹ میری سکول لالہ زار میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر اعجاز قمر کیانی ، کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ ، ایم پی اے حاجی امجد محمود ،سیمابیہ طاہر ،آر پی او عمران احمر ، ڈی جی پی ایچ اے ظہیر انور جپہ ،آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد ، پرنسپل نپولین گومز اور دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے،بے موسمی سیلاب آرہے ہیں، بارشوں کے موسم تبدیل ہوچکے ہیں،ان موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے بصورت دیگر آنے والے وقت میں ہم موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کی زد میں ہوں گے،شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے دوراندیشی سے کام لیتے ہوئے بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا اور اس ضمن میں ملک بھر میں کروڑوں کی تعداد میں درخت لگادیئے گئے ہیں اورمنصوبہ پر عمل در آمد جاری ہے ،بہت جلد کلین اینڈ گرین پاکستان کا خواب پورا ہوگا اور ہر سو ہریالی ہوگی،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر شجر کاری کے فروغ کیلئے مسیحی روحانی پیشوا آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی کاوشوں کو قابل ستائش قراردیا اور سکول انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا،وفاقی وزیر نے کہاکہ درختوں کی اہمیت بارے طلبامیں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری نئی نسل درختوں کی اہمیت کو مسلمہ جانتے ہوئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری مہم میں عملی شرکت کرے ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ شجرکاری کے فروغ کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ہم آنے والی نسلوں کو کلین اینڈ گرین پاکستان دے سکیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں