33

بچوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا قومی کمیشن برائے چائلڈ رائٹس ورکشاپ سے خطاب

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بچے ہماری قوم کا مستقبل ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بچوں کے ساتھ شفقت بھرا رویہ بھی ان کی صلاحیتوں میں مثبت تبدیلیاں لاتا ہے،قومی کمیشن برائے چائلڈ رائٹس کے زیراہتمام منعقدہ ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ بچوں کے ساتھ شفقت سے پیش آنے اور ان کے حقوق کو پورا کرنے کی تاکید کی ہے، بچوں کی صحیح تعلیم و تربیت اور اچھی پرورش انہیں معاشرے میں نمایاں مقام دلانے کے لیے ضروری ہے،قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے، سٹریٹ چلڈرن کو سکولوں میں لانا حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے،انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے بچوں سے ہونے والی زیادتیوں کے خاتمے کیلئے زینب الرٹ بل پاس کیا ہے،دنیا بھر میں بچوں کو زیادتیوں، جسمانی تشدد اور دیگر مسائل کا سامنا ہے، ایسے بچے جو غربت کی وجہ سے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ان کو سکولوں میں لانے کیلئے وظائف مقرر کئے جا رہے ہیں، نیشنل کمیشن برائے چائلڈ رائٹس کو قانون سازی سے متعلق پارلیمانی سطح پر ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا،انہوں نے ہدایت کی کہ قومی کمیشن برائے چائلڈ رائٹس مستقبل کے معماروں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بہتر تعلیم و تربیت کیلئے مربوط پالیسیاں مرتب کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں