21

بھارت خطے کا امن پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

ملتان(سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے،بھارت خطے کا امن پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے،وہ خطے میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،دنیا میں امن قائم کرنے کیلئے کشمیر اور فلسطین کے مسئلے کو حل کرنا ہوگا، وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیر ‘ فلسطین بلکہ مسلم امہ کے سفیر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں،پاکستان ان کی قیادت میں پوری دنیا میں کشمیر ‘ فلسطین اور مسلم امہ کا مقدمہ لڑ رہا ہے،آزاد کشمیر کی عوام نے تحریک انصاف کو کشمیری عوام کا بھر پور موقف اجاگرکرنے پر بھاری مینڈیٹ سے نوازا،جس پر آزاد کشمیر کے عوام کے شکر گزار ہیں،آزاد کشمیر کے عوام نے انتخابات میں پی پی ‘ ن لیگ کو مسترد کیا،پی پی کو آزاد کشمیر میں الیکشن ہارنے پر دھاندلی یاد آئی، پی پی کے پاس آزاد کشمیرکے 45 حلقوں کے امیدوار ہی نہیں تھے ، وہ کس منہ سے دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں،ہارنے کے بعد دھاندلی کے الزامات لگانا پی پی ‘ ن لیگ کا وطیرہ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی رہنما شیخ واجد شوکت کی جانب سے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کارکنوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی‘ صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری‘ چودھری خالد جاوید وڑائچ ‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی ‘ شیخ بشار ت ‘ فخرالسلام ڈوگر‘ داﺅد مکی ‘ مسعود مغل ‘ حبیب اللہ ظفر ‘ عبدالرﺅف‘ طاہر حمید قریشی‘ سید بابر شاہ ‘ملک معاویہ ‘عبدالوہاب خان اور عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی،انہوں نے کہا کہ حکومت نے 5اگست کو بھر پور طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے،وزیراعظم پاکستان 5اگست کو آزاد کشمیرجانے کا ارادہ رکھتے ہیں،جہاں وزیراعظم پاکستان مظلوم کشمیریوں سے نہ صرف اظہار یکجہتی کریں گے،بلکہ کشمیر کے اوپر دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کیلئے ایک بار پھر آواز بلند کریں گے،انہوں نے کہا ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت 63سال بعد مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں دوبارہ زیر بحث آیا۔ یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے،63سال میں کسی حکومت نے کشمیریوں کی آواز اتنی موثر اجاگر نہیں کی جتنی تحریک انصاف کی حکومت نے ان اڑھائی سالوں میں بلند کی ہے ۔ یہ حکومت کے اقدامات ہیں کہ آج عالمی برادری بھی مظلوم کشمیریوں کی حمایت کیلئے آوازیں بلند کر رہی ہے،ہمارے اقدامات کی بدولت کشمیر کا مسئلہ ایک خطے کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا تحریک انصا ف پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ابھر کر سامنے آئی ہے جس کی جڑیں عوام کے اندر ہیں۔ تحریک انصاف وفاق کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ہمیں مہنگائی ‘ معیشت سمیت بہت سے چیلنجزکا سامنا ہے جن پر قابو پانے کیلئے ہماری ٹیم سخت محنت کررہی ہے۔ حکومتی پالیسیو ںکی بدولت مستقبل قریب میں بڑی معاشی مثبت تبدیلی نظر آئیگی۔ انہوں نے کہا کرونا کی چوتھی لہر نہایت خطرناک ہے ہمیں اس چیلنج کے دوران نہ صرف عوام کو وباءسے بچانا ہے بلکہ ملکی معیشت کا پہیہ بھی رواں رکھنا ہے تب ہی ہم اس چیلنج سے نبرآزما ءہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا این سی او سی ایک قومی فورم ہے ۔ سندھ اس وقت اس وباءسے خاصا متاثر ہے ۔ سندھ حکومت کو چاہئے کہ این سی او سی سے مشاورت کے بعد متفقہ لائحہ عمل طے کرے تاکہ ہم صحیح طریقہ سے اس وباءکا مقابلہ کر سکیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمو د قریشی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ملتان شہر میں صفائی کے بہترین انتظامات پر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی ملتان کی صفائی اور شہریوں کو بہترین سروس کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں گے،وزیر خارجہ مخدوم شا ہ محمود قریشی نے اس موقع پر عمائدین کی دستار بندی کی،قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اخترانصاری کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے عمائدین علاقہ سے ملاقات کی،اس موقع پر انہو ںنے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی عوام کے مسائل کا ادراک ہے۔ اور ان کے حل کیلئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے۔ حکومت کی خواہش ہے عوام کی زندگی میں تبدیلی لائی جائے اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ تاہم ہمیں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں جن کے خاتمے کیلئے حکومتی ٹیم دن رات کام کررہی ہے۔ جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے،اس موقع پر الحاج مختیار انصاری‘ ملک اظہر چاون ‘ حاجی یاسین انصاری, مہر اظہر عباس چاون، فیاض حسین بلوچ، ملک جہانزیب ودیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے،دریں اثنا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا انہوں نے ٹاٹے پور میں مینگو پلپ پلانٹ کا معائنہ کیا،جہاں ملک عباس راں نے انہیں پلپ پلانٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا۔ اور انہیں آم کے پلپ کے پروسیسنگ پلانٹ بارے مکمل بریف کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر راں ‘ وسیم خان بادوزی‘ مہر اکرم چاون ‘ ملک عباس لوٹھڑ ‘ سید مظہر عباس گردیزی سمیت علاقہ کی سرکردہ شخصیات موجود تھیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں