11

بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں پرائم منسٹر الیکٹرک ویل چئیر تقسیم تقریب

ملتان(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ معذور افراد معاشرہ کا اہم حصہ ہیں اور ان کی تعلیم و ترقی ہم سب کا فرض ہے،جبکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے جنوبی پنجاب کی یونیورسٹیوں کے معذورطلبہ کو الیکٹرک ویل چئیرز دے کر سب کے دل جیت لئے ہیں،بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں پرائم منسٹر الیکٹرک ویل چئیر سکیم کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بطور مہمان خصوصی انہوں نے مزید کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام جنوبی پنجاب کی جامعات کے معذور طلبہ کے مابین ویل چئیرز کی تقسیم حکومت کا احسن اقدام ہے اور خوشی کی بات ہے کہ زکریا یونیورسٹی ملتان، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے طلبہ ویل چئیر جیسی سہولت سے بہرہ مند ہوئے ہیں اور وزیر اعظم پاکستان کے اس پروگرام کے تحت ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے معذور طلبہ کو ویل چئیرز دی جارہی ہیں اور چھ سو زائد چئیرز ملک بھر میں تقسیم کی جائیں گئیں،انہوں نے کہا کہ زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی کی کاوشیں بھی رنگ لے آئیں کہ بیسیوں معذور طلبہ کی زندگیوں میں اس سہولت سے نئے چراغ جل اٹھے ہیں اور انہوں نے جس طرح ایچ ای سی کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا یہ قابل تحسین ہے،انہوں نے مزید کہا کہ زکریا یونیورسٹی میں جلد ہی پہلے جدید نئے سولر سسٹم کا بھی افتتاح کیا جاے گا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا کہ خوش نصیب ہیں یہ طالب علم کہ ان کو حکومت کی جانب سے الیکٹرک ویل چئیرز دی گئیں ہیں جس سے یقینا انہیں اعلی تعلیم حاصل کرنے میں بھر پور مدد ملے گی اور ہمارے لئے قابل فخر بات ہے کہ ویل چئیر کی سہولت سے محروم بیسیوں طلبہ اب باآسانی اپنی منزلوں تک پہنچ سکیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور ایچ ای سی کے خصوصی تعاون کی بنا پر آج زکریا یونیورسٹی سمیت جنوبی پنجاب کی بڑی جامعات کے طلبہ اس اہم سہو لت سے بہرہ مند ہوے ہیں اور توقع کرتا ہوں کہ حکومت ایسے فلاحی پراجیکٹس کو جاری رکھے گی اور مزید سیکٹروں طلبہ بھی اس سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوے کہا کہ وہ اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں اور معاشرہ میں اپنا ایک مقام بنائیں ۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ایچ ای سی در شہوار سدوزئی،سیرت فاطمہ نے بھی خطاب کیا،جبکہ اس موقع پر ڈین ڈاکٹر شوکت ملک، ڈاکٹر مخدوم خالد خورشید ، نور الحق جھنڈیر ، ڈاکٹر عبد الستار ملک، ڈاکٹر محمد عزیر بھی موجود تھے۔ تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور وائس چانسلر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے معذور افراد کے مابین چئیرز و سر ٹیفیکٹس تقسیم کئے جنہیں حاصل کر کے طلبہ نے بے حد مسرت کا اظہا ر کیا ۔یاد رہے کہ پرائم منسٹر الیکٹر ک ویل چئیر سکیم کے تحت 31 ویل چئیرز طلبہ کے مابین تقسیم کی گئیں ۔دریں اثنا صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور وائس چانسلر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے گرین پاکستان پروگرام کے تحت شعبہ سوشیالوجی میں پودا بھی لگایا،اس موقع پر فکلیٹی ممبرز بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں