9

ترقیاتی بجٹ لیپس ہو جانے پر متعلقہ افسران سے باز پرس کی جائے گی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر

خانیوال(نمائندہ پی این این اردو)ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں گڈ گورنس کے لئے اپنا بھرپورا کردار ادا کرنے کے لئے متحرک ہے اور عوام کو انکی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنے کے لئے جنوبی پنجاب کے اضلاع کے دورے شروع کر دئیے گئے ہیں،تاکہ تمام اضلاع میں ہر سیکٹرز میں افسران کی کارکردگی کو جانچا جاسکے،انہوں نے کہا کہ قومی تعمیر کے تمام محکمے سالانہ ترقیاتی بجٹ کو مالی سال کے اندر خرچ کے لئے اپنے اہداف مقرر کر لیں،ترقیاتی بجٹ لیپس ہو جانے کی صورت میں متعلقہ افسران سے باز پرس کی جائے گی،انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے ناجائز منافع خوری کے سد باب کے لئے سخت ہدایات جاری کی ہیں،جنوبی پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزں کےخلاف سخت کریک ڈاون کا آغاز کریں اور اس سلسلے میں کوئی رعایت نہ برتی جائے،یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس خانیوال کے کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اجلاس میں جنوبی پنجاب کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز نے شرکت کی،ڈپٹی کمشنر آغاظہیر عباس شیرازی نے اجلاس میں ضلع کے تمام سیکٹرز میں جاری اقدامات بارے بریفنگ دی،ایڈیشنل سیکرٹری سائوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ منڈیوں اور مارکیٹ میں ریٹ چیکنگ کا منظم میکانزم تیار کیا جائے اور ریٹ لسٹ کی پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے،اس کے علاوہ کاشتکار کو اپنی اجناس براہ راست مارکیٹ میں فروخت کرنےکے مواقع فراہم کئے جائیں،انہوں نے کہا کہ جہانگیر آباد میں لائیو سٹاک کا بڑا ریسرچ سنٹر تعمیر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے،انہوں نے کورونا ویکسی نیشن اور انسداد ڈینگی مہم کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ضلع میں سرکاری مراکز صحت میں ڈاکٹرز کی خالی آسامیوں کو پُر کیا جائے گا،سیکرٹری پی اینڈ ڈی جنوبی پنجاب شعیب اقبال نے بتایا کہ ضلع خانیوال میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار بہت بہتر ہے،ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں ریکارڈ 1004 ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن کے لئے 2384 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں جبکہ 398 ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں،ضلع کی چاروں تحصیلوں میں سیوریج کے مسائل حل کرنے کے لئے نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ اشیائے ضروریہ کے نرخوں کی مانیٹرنگ کے لئے منڈیوں کے دورے کئے جارہے ہیں،ماہ ستمبر میں 137 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 47 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے،انہوں نے بتایا کہ ستمبر میں9 ذخیروں اندوزوں کے خلاف کاروائی کی گئی اور چینی اور چاول کی سیکڑوں بوریاں برآمد کی گئیں،ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع خانیوال میں 12لاکھ 64ہزار228 افراد کی کورونا ویکسی نیشن کی جاچکی ہے،اسی طرح ڈینگی اور پولیو کے خلاف مہم کامیابی سے جاری ہے،آغا ظہیر عباس شیرازی نے بتایا کہ خدمت آپکی دہلیز پروگرام میں کارکردگی بارے عوامی اطمینان کے حوالے خانیوال صوبہ میں ٹاپ پر ہے،اجلاس میں سیکرٹری انہار جنوبی پنجاب عامرخٹک، سیکرٹری سروسز نوشین ملک،سیکرٹری پی اینڈ ڈی شعیب اقبال، سیکرٹری جنگلات سرفراز مگسی،سیکرٹری لائیوسٹاک آفتاب پیرزادہ،ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈنیشن رانا رضوان قدیر اور ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں