15

تعلیمی اداروں میں کھیل کی سرگرمیوں کے احیا اورفروغ کیلئے اقدامات تیز کرنے کا حکم

ملتان(سٹاف رپورٹر)ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کا تعلیمی اداروں میں کھیل کی سرگرمیوں کے احیاء اورفروغ کے لئے اقدامات تیز کرنے کاحکم، تمام سرکاری سکولوں کا نقشہ تیار کرا کے اس میں موجود میدانوں کی پیمائش کے ساتھ نشان دہی کرنے اور ان کی فوری بحالی کی ہدایات، نان سیلری بجٹ کا دس فیصد کھیلوں کے لئے مختص کرنے اور ہر جماعت کے لئے ہفتے میں کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ دو دنوں کے آخری دو پیریڈز کھیلوں کے لئے مقرر کرنے کے احکامات، تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے 11اضلاع کے تعلیمی اداروں میں کھیل کی سرگرمیوں کے احیاء اور فروغ کے لئے تعلیمی سربراہان کو اقدامات تیز کرنے اور اہداف کی جلد ازجلد تکمیل کے احکامات جاری کئے ہیں،منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم اجلاس ایڈیشنل سیکرٹری (سکولز ایجوکیشن) محمد انصر سیال کے زیر صدارت ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد کیا گیا، اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) عطاء الحق، ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہر الحق، نجم بوٹا، ڈی پی آئی (سکینڈری) اعزاز احمد جوئیہ، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) جنوبی پنجاب طاہرہ پروین سمیت مختلف اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن اور متعلقہ تعلیمی افسران نے شرکت کی، اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری(سکولز ایجوکیشن) محمد انصر سیال نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیل کی سرگرمیوں کے احیاء اور اس کے فروغ کے لئے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے، انہوں نے سی ای اوز ایجوکیشن کو ہدایات دیں کہ جامع منصوبے کے تحت سکولوں کے نان سیلری بجٹ کا دس فیصد کھیلوں کے فروغ کے لئے مختص کرنے اور جنوبی پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں کا نقشے تیار کرا کے اس میں موجود میدانوں کی پیمائش کے ساتھ نشان دہی کرنے اور ان کی فوری بحالی کے فوری اقدامات اٹھا کر رپورٹ دی جائے، ایڈیشنل سیکرٹری محمد انصر سیال نے کہاکہ سکولوں میں ہر جماعت کے لئے ہفتے میں کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ دو دنوں کے آخری دو پیریڈز کھیلوں کے لئے مختص کئے جائیں اور کھیل اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوششیں اور ان کے نتائج کی رپورٹ کو فوری ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب بھیجا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں