7

تمام سرکاری اداروں میں” نو ویکسینیشن نو سروس“ کی حکمت عملی نافذ کردی گئی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری

ملتان(احمر خان سے) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے جنوبی پنجاب میں ویکسی نیشن مہم میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام سرکاری اداروں میں” نو ویکسینیشن نو سروس“ کی حکمت عملی نافذ کردی ہے،جس کے تحت کوئی بھی سرکاری ادارہ اور دفتر ویکسی نیشن نہ کرانے والے شہری کو کوئی سروس فراہم نہیں کرے گا،ایڈ یشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے اپنے حکمنامے میں سرکاری محکموں، نجی اداروں اور بنکوں کو نو ویکسی نیشن نو سروس کے بورڈ آویزاں کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے اور کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری اداروں کے افسران سے سٹاف کی ویکسی نیشن کے سرٹیفکیٹ طلب کئے جائیں۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن نہ کرانے والے ملازمین کی تنخواہیں بند کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفس کو مراسلہ بھی بھیجا جائے۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ سپیشل پرائس مجسٹریٹس کے ذریعے پبلک مقامات ، ریسٹورنٹس،بڑے مالز، برانڈیڈ سٹورز میں ملازمین کے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی چیکنگ بھی شروع کی جائے۔انہوں نے حکم دیا کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں فوری طور پر محکمہ صحت کی ٹیمیں ہائیکورٹ، ڈسٹرکٹ کورٹس اور مویشی منڈیوں میں کورونا ویکسی نیشن کیمپس لگائیں اور ویکسی نیشن کا ٹارگٹ پورا کریں،انکا کہنا تھا کہ این سی او سی کی جانب سے مقررہ ویکسی نیشن ٹارگٹ پورا کرنے تک کورونا وبا ءکی نئی لہر کے اثرات سے بچنے کے لئے ویکسی نیشن جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں