12

تین روزہ عید صفائی آپریشن کے اختتام پر تقریب،ڈپٹی کمشنر کا ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز کو ایک بونس دینے کا اعلان

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بہترین صفائی پر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز کو ایک بونس کا اعلان کیا ہے،انہوں نے ورکرز کو کل کی چھٹی دینے کا بھی اعلان کیا ہے،وہ تین روزہ کامیاب عید صفائی آپریشن کی خوشی میں گھنٹہ گھر چوک میں منعقدہ تقریب میں کمپنی ورکرز سے خطاب کررہے تھے،ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر اور منیجر آپریشن داود مکی،کمپنی منیجرز عقیل احمد،ساجد ریاض، آصف شبیر،فہیم لودھی ، کمپنی سیکرٹری کبیر خان بھی موجود میونسپل ایمپلائز ورکرز ویلفئیر یونین کے سیکرٹری سمیع اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں بہترین صفائی پر کمپنی ورکرز اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے چیلنج سے کامیابی سے عہدہ برآمد ہونا ایک اعزاز ہے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار عید صفائی آپریشن کو خود مانیٹر کررہے تھے،عید کے تینوں ایام میں ورکرز نے انتہائی محنت اور لگن سے کام کیا جس کی وجہ سے کمپنی کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہترین صفائی کا سہرا ورکرز کے ساتھ ساتھ ٹیم کے کیپٹن فخرالاسلام ڈوگر کو بھی جاتا ہے،کمپنی کے ایم ڈی کا موٹرسائیکل پر سوار ہو کر شہر کا وزٹ کرنا اور ورکرز سے ہاتھ ملا کر حوصلہ افزائی کرنا بہت اچھا اقدام تھا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں نے انہیں موبائل فون پر بہترین صفائی بارے پیغامات بھیجے ہیں جس سے مجھے بہت خوشی ہوئی،کمپنی ورکرز اسی جذبے کے تحت شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کا عمل جاری رکھیں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کمپنی کی کارکردگی میں مزید بہتر بنانے کے لئے افرادی قوت میں اضافہ کیا جائے گا۔ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی سرپرستی اور رہنمائی پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا شکرگزار ہوں،ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ہم عید صفائی آپریشن میں کامیابی حاصل کرکے سرخرو ہو گئے ہیں۔قبل ازیں ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہر میں قائم کیمپ آفسسز اور عارضی ٹرانسفر پوائنٹس کا دورہ بھی معائنہ کیا،ورکرز کو کامیاب صفائی آپریشن پر مبارکباد اور شاباش دی۔ورکرز نے اس موقع پر ایم ڈی کو پھول پیش کئے اور خوشی میں نعرے بھی بلند کئے۔تمام کمپنی منیجرز اور ڈپٹی منیجرز بھی ہمراہ تھے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں