8

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات سیکشن آفیسرز کی سیکرٹریٹ مینوئل بارے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

ملتان(سٹاف رپورٹر)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات سیکشن آفیسرز کی سیکرٹریٹ مینوئل بارے تربیتی ورکشاپ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی،جس میں ملتان اور بہاولپور میں واقع سیکرٹریز کے دفاتر کے30 سے زائد سیکشن آفیسرز نے شرکت کی،سیکر ٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر سیکرٹریٹ کے آفس امور کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا بروقت حل ہمارا ٹارگٹ ہے،وقت کا تقاضا ہے کہ دفتری امور نمٹانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنایا جائے،سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے بتایا کہ تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کے دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم شروع کیا جائے گا،اس سسٹم کے ذریعے کسی بھی فائل کو ٹریک کیا جا سکے گا اور ہر فائل کو ٹائم لائن کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ تمام سیکشن آفیسرز نوٹنگ،ڈرافٹ اور سمری رائٹنگ کی مہارت حاصل کریں اور ڈرافٹنگ کے لئے سادہ اور جامع الفاظ استعمال کئے جائیں،سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے بتایا کہ سرکاری خط و کتابت پر عبور کسی بھی آفیسر کا ایک اہم خاصا سمجھا جاتا ہے،ثاقب علی عطیل نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں عوامی خدمات کی نئی روایات قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ تمام سیکشن آفیسرز محنت اور دیانتداری کو اپنا شعار بنائیں،انہوں نے واضح کیا کہ سرخ فیتے کا کلچر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں نہیں چلے گا۔سیکشن آفیسرز نے تربیتی ورکشاپ میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ورکشاپ میں سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں