20

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو فعال کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،صوبائی وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت

بہاولپور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن مخدوم خسرو بختیار اور صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے آج یہاں سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے انتظام و انصرام کے حوالے سے بریفنگ دی،اس موقع پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی فاروق اعظم ملک، طاہر بشیر چیمہ، عبدالغفار وٹوکالوکا، محمد عامر نواز، چوہدری مسعود احمد اور سمیع اللہ چوہدری سمیت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹریز، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ظفر اقبال اعوان، کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور دیگر انتظامی افسران موجود تھے،وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں،صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مالی سال میں جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ریکارڈ ساز 33فیصد بجٹ مختص کیا گیا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ رواں بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لئے 189ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے گئے ہیں،صوبائی وزیرخزانہ نے ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو فعال کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں،انہوں نے مختلف صوبائی سیکرٹریز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا،اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ظفر اقبال اعوان نے امن عامہ کی صورتحال اور محرم الحرام کے حوالہ سے بروئے کار لائے گئے انتظامات کے حوالہ سے بریفنگ دی،جبکہ سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب اور سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے محکمانہ کارکردگی بارے آگاہ کیا،صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے ہدایت کی کہ فوری طور پر رولز کی منظوری کے بعد جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں