11

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر صوبے کی تشکیل کا سنگ میل ثابت ہوگی،مخدومزادہ زین حسین قریشی

ملتان(سٹاف رپورٹر)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کو بہت بڑے مافیاز کا سامنا ہے،کرپشن کے خاتمے کیلئے وزیراعظم پاکستان زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،جو بھی کرپشن میں ملوث پایا گیا بلا تفریق کارروائی حکومت کا ایجنڈا ہے،حکومت نے طویل المیعاد معاشی نمو اور مالیاتی استحکام کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کی ہے،معیشت مضبوطی کیلئے سخت فیصلے کرنا پڑے،ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے،عوام ساتھ دیں جلد اچھا وقت آئے گا،2023 کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو بھر پور کامیابی ملے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں بدھلہ سنت ‘ ٹاٹے پور ‘ یوسی56‘ یوسی 55‘ فیض پور بھٹیاں‘ کھیڑا آباد‘ یوسی کھگے والا‘ ملتانی والہ میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ملک میں آج مہنگائی اور کمزور معیشت کی بنیادی وجہ کرپشن ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے ادوار میں کرپشن کرکے قوم کا خون چوسا، موجودہ مہنگائی سابقہ ادوار کی کرپشن اور نا اہلی کا تحفہ ہے جسے آج ہم سب بھگت رہے ہیں،انہو ں نے کہا جنوبی پنجاب کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، کوشش ہے ترقی کا سفر شہری سے دیہی علاقوں کی طرف موڑا جائے۔ جس کے لئے بھر پور اقدامات کررہے ہیں۔ ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر شروع ہو چکی ہے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے افسران کو اختیارات دینے کیلئے رولز آف بزنس کی منظوری ہو چکی ہے۔ جس کے بعد جنوبی پنجاب کے عوام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے لاہور نہیں جانا پڑے گا بلکہ ان کے مسائل ملتان میں ہی حل ہو جائیں گے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے عوام کے لئے تحفہ ہے،ماضی کی کوئی حکومت ستر سال میں سیکرٹریٹ نہ بنا سکی،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر جنوبی پنجاب صوبے کی تشکیل کا سنگ میل ثابت ہوگا، ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں جس کی وجہ سے ہم صوبہ نہیں بنا سکے، لیکن سیکرٹریٹ کی بنیاد رکھ کر ہم نے صوبے کی جانب ایک قدم آگے بڑھا لیا ہے،مخدومزادہ زین حسین قریشی مختلف علاقوں میں وفات پا جانے والی شخصیات کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔ حلقے کے لوگوں کے غم میں شریک ہوئے۔ اس دوران علاقوں کے لوگوں کے مسائل سنے اور حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے بھی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر راں ‘ اکرم چاون ‘ شعیب سنگھیڑا ‘ سید مظہر عباس گردیزی ‘ چودھری نذیر گجر‘ جام اختر ‘ رانا نعیم ‘ چودھری زاہد ‘ رانا شوکت ‘ چودھری اعجاز ‘ چودھری اسد سمیت علاقہ کی سرکردہ شخصیات اس موقع پر موجود تھے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں