5

خدمت پروگرام کا دوسرا مرحلہ پانچ ہفتوں پر مشتمل،28 جون سے یکم اگست تک کا شیڈول جاری

ملتان,خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز گزشتہ روز سے کردیا گیا ہے,خدمت پروگرام کا دوسرا مرحلہ پانچ ہفتوں پر مشتمل ہو گا،28 جون سے یکم اگست تک پانچ ہفتوں کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے،شیڈول کے مطابق 28جون سے سرکاری پانی کی ٹینکوں کی صفائی اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کے فلٹر تبدیل کئے جائیں گے،جبکہ ضلع کچہری، حوالات کی صفائی اور سرکاری سکولوں کو وائٹ واش بھی کیا جائے گا،5جولائی سے غیر قانونی تعمیرات اور شہر میں قائم بھانوں کے خلاف آپریشن ہو گا اور مویشی منڈیوں میں صفائی کے انتظامات کئے جائیں گے،12جولائی سے”ہر بشر ایک شجر”سلوگن کے تحت شجرکاری مہم شروع کی جائے گی اور کھیلوں کے گراونڈز کی لیولنگ کی جائے گی،اسی طرح 19جولائی سے عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں عیدگاہوں کی صفائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا ٹاسک نبھایا جائے گا،جبکہ 26جولائی سے روڈ سیفٹی ویک کے تحت سڑکوں کی مرمت، سپیڈ بریکر کاخاتمہ کیاجائیگا اور شاہراہوں پر لگے کرب سٹونز کو رنگ و روغن کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے تمام محکموں کو ٹارگٹ دے دیے ہیں،انہوں نے کہا ہے کہ تمام محکموں کی سرگرمیوں کو ڈیش بورڈ پر مانیٹر کیا جائے گا۔شہری” کارکردگی” ایپلی کیشن پر شکایات درج کرا سکیں گے۔محکموں کی کارکردگی اور شکایات کے ازالہ کے لئے اقدامات کو روزانہ کی بنیاد پر جانچا جائے گا اور مختلف فلٹرز کے ذریعے محکموں کی سرگرمیوں کی تعداد اور انکے معیار کو بھی پرکھا جائے گا۔دریں اثناء “خدمت آپ کی دہلیز پر”پروگرام کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے۔ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر کی ہدایت پر ضلع کچہری اور قیدیوں کی حوالات ،پبلک باتھ رومز، وکلاءچیمبرز اور کچہری کی تمام سڑکوں کی مثالی صفائی کر دی گئی ہے اور ججز کورٹس اور ضلعی انتظامیہ کے دفاتر کی صفائی ستھرائی کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ضلع کچہری سے تمام ویسٹ مشینری کے ذریعے لفٹ کیا گیا جبکہ سپرنکلرز کے ذریعے ضلع کچہری اور اطراف کی سڑکوں پر پانی کا چھڑکاو اور لائم لائننگ کی گئی۔رواں ہفتہ خدمت پروگرام کے تحت ضلع کچہری کی خصوصی صفائی کا عمل جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں