15

ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات دفن،سندھ میں کرپشن کی گنگاہ بہہ رہی ہے،شاہ محمود قریشی


ملتان،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ذوالفقارعلی بھٹو والی پارٹی نہیں،بلکہ زرداری والی پارٹی بن چکی ہے،ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات دفن ہو چکے ہیں،پیپلز پارٹی کو سندھ میں حکومت کرتے آج 12واں سال ہے،اندرون سندھ کے حالات انتہائی ناگفتہ بہہ ہیں،سندھ میں کرپشن آسمان کو چھو رہی ہے ہر ادارے میں کرپشن کی گنگاہ بہہ رہی ہے،ان حالات میں آپ ترقی کے جتنے مرضی نعرے لگائیں ان خالی نعروں میں وزن نہیں رہتا،سن لیں آئندہ انتخابات میں پی پی کا سندھ سے بھی صفایا ہو جائے گا،اورسندھ میں آئندہ اقتدار پی ٹی آئی کا ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں اپنے حلقہ انتخاب کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران وفود سے ملاقات اور استقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو اقتدار ملا تو بہت سے بحران ورثے میں ملے،شروع میں کافی مشکلات پیش آئیں،حکومت نے مشکل فیصلے کئے،عوام کو بوجھ کا سامنا کرنا پڑا،لیکن ہم نے معیشت کو سہارا دیا اور اب ہم اللہ کے فضل و کرم سے گروتھ کی جانب بڑھ رہے ہیں،معاشی گروتھ کے ساتھ ہی ملک میں خوشحالی آئے گی اور ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،آج ترسیل زر کی شرح ایکسپورٹ کی شرح سے تجاوز کر گئی ہے،ریکارڈ ترسیل زر پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں،انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیںوہ ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ وہ ملک میں جمہوریت کے فروغ اور سیاسی سفر میں شامل ہوں،ہم انہیں ملک میں جاری سیاسی عمل کا حصہ بنانا چاہتے ہیں جس کیلئے ہم انہیں ووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں۔لیکن اپوزیشن اس راستے میںرکاوٹ بن رہی ہے۔ شہباز شریف صاحب نے جو تجویز دی ہے وہ قابل عمل نہیں ہے،آج ایسی ٹیکنالوجی موجود ہے جسے بروئے کار لا کر بیرون ملک مقیم پاکستانی، پاکستان کی مدد بھی کر سکتے ہیں اور اسٹیک ہوولڈر بھی بن سکتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما قربان ڈوگر کی رہائش گاہ پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا ملک میں جاری ترقیاتی کاموں بالخصوص سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے ملکی معیشت میں اضافہ ہوگا،وزیراعظم عمران خان کی ترجیح ہے کہ ملک میں میرٹ کو فروغ دیا جائے،انہوں نے کہا ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبے بہت جلدپایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے،اور آنے والے دنوں میں ملتان کا شمار ترقی یافتہ شہروں میں ہوگا،انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی حکومت اپنے ترقیاتی کاموں اور کارکردگی کی بنا پردوبارہ حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا امریکہ ایک اہم ملک ہے۔ہمارے امریکہ کےساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہماری کوئی عزت نفس نہیں ہے۔ہم برابری کی بنیاد پر تعلقات مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا افغانستان میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ہمیں افغان عوام کی تکلیف کا احساس ہے۔ افغانستان میں قیام امن سے پورا خطہ مستفید ہو گا۔ہم نہیں چاہتے افغانستان میں مزید جنگ ہو ہم نہیں چاہتے افغانستان میں حالات خراب ہوں، خدانخواستہ افغانستان کے حالات بگڑتے ہیں تو افغانستان کے بعد پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہو گا۔ افغانستان میں قیام امن کی ذمہ داری افغان قیادت پر عائد ہوتی ہے۔ ہم افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کے متمنی ہیں۔نئے معاہدہ سے پاکستان اورافغانستان کے درمیان تجارت کاحجم کئی گنابڑھ سکتاہے۔استقبالیہ تقریب میں ملک عمران ڈوگر،ملک ساجد نواز کھوکھر،ملک صدام،عمران خادم، طارق آرائیں ،بابو ڈوگر ،ملک شفیع ڈوگر،ملک افتخارڈوگرودیگر عمائدین موجود تھے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا ۔ پی ٹی آئی رہنما طفیل انصاری کی خوشدامن کی وفات پر فاتحہ خوانی کی ۔ یوسی 16 کے سابق کونسلر علی حیدر کی والدہ کی فاتحہ خوانی میں شریک ہوئے۔ پی ٹی آئی رہنما ملک سجاد اعوان کی عیادت کی۔ پی ٹی آئی رہنما فدا ڈمرا کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہ پر گئے۔ صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری ودیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے حلقہ انتخاب کی مختلف یونین کونسلو ںمیں جاری ترقیاتی منصوبو ںکا جائزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو شفاف اوربروقت مکمل کیا جائے۔ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں