18

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بلڈنگ کی تعمیر اگلے ماہ سے شروع ، رواں مالی سال میں 11 اضلاع کے لئے 189 بلین کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر

ملتان(سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کے تعمیراتی کام کا آغاز اگست کے پہلے ہفتے سے ہوگا،متی تل پر واقع سول سیکرٹریٹ 404 کنال پر مشتمل ہوگا،جبکہ سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کی تعمیر پر 2.4 بلین روپے خرچ کئے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ رواں بجٹ میں جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کیلئے 189 بلین رکھے گئے ہیں،جنکو ہر صورت اس خطے کے انفراسٹرکچر کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس میں اراکین اسمبلی کو بریفننگ دیتے ہوئے کیا،اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،چیف ویپ عامر ڈوگر اور صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک سمیت ملتان ڈویژن کے اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی،ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان اور تمام محکموں کے سیکرٹریز بھی موجود تھے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ متی تل سول سیکرٹریٹ منصوبہ ہر صورت دو سال کی قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گا،تاکہ عوام کو سروس ڈیلیوری کا فوری آغاز کیا جاسکے،انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس کی منظوری حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہے،جس کے بعد تمام اختیارات کے ساتھ سول سیکرٹریٹ اپنے فرائض سر انجام دیگا،ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ جنوبی پنجاب کیلئے الگ بجٹ بک اور منصوبے مختص کئے گئے ہیں اور کسی منصوبے کا بجٹ واپس لاہور ٹرانسفر نہیں ہوسکے گا،سب سیکرٹریٹ کے قیام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے 189 بلین کو رواں مالی سال میں ہی خرچ کرنے کیلئے تمام محکموں کو ٹاسک دیا گیا ہے،اس ضمن میں 770 زیرتکیمل سکیموں اور 1698 نئی سکیمیں وں پر کام جاری ہے،ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی آبادی کے لحاظ سے نوکریوں کا الگ کوٹہ بھی مختص کردیا گیا ہے،اس حوالے سے پبلک سروس کمیشن کا الگ زون بھی جنوبی پنجاب کیلئے قائم کیا جائے گا،اراکین اسمبلی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ اب سیکرٹریٹ کے تمام سیکرٹریز کو ترقیاتی منصوبوں کی فوری منظوری کے بعد بجٹ استعمال کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں تاکہ عوام کی امانت انکی فلاح و بہبود پر ہی خرچ کی جاسکے۔بعد ازاں اراکین اسمبلی کو ملٹی میڈیا پر سول سیکرٹریٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں