18

سیاسی پارٹیوں کے اجتماع کا مقصد مفادات کا حصول اور مقدمات میں ریلیف لینا ہے،ندیم قریشی

ملتان(سٹاف رپورٹر)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے ہر میدان میں شکست شدہ سیاسی پارٹیوں کے اجتماع کا واحد مقصد مفادات کا حصول اور مقدمات میں ریلیف لینا ہے اور پاکستان سے جھوٹ بول کر فرار ہونے والوں کو اب لندن میں بھی شرمندگی اٹھانا پڑ رہی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی اور عوام نے ہر جگہ انہیں مسترد کر کے انہیں انکی اوقات بتا دی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے غیور اور باشعور عوام اس بات سے آگاہ ہو چکے ہیں کہ مجرموں اور مفروروں کے خاندان کا وطن عزیز سے کچھ لینا دینا نہیں ہے اور ان کے تمام تر مفادات خوشیاں اور تقریبات بیرون ملک سے وابستہ ہیں،اسی لئے مفروروں اور مجرموں کو بیرون ملک بھجوانے اور این آر او کیلئے تقسیم شدہ اپوزیشن پھر اکھٹی ہونے کا ڈرامہ کر رہی ہے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں ملک اور جنوبی پنجاب کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کرنے کے لئے مصروف عمل ہے، ندیم قریشی نے کہا کہ کسان کارڈ کے اجراءاور زراعت پر براہ راست سبسڈی ملنے پر جنوبی پنجاب کا کاشتکار اور کسان خوشحال ہوگا،کھاد، زرعی ادویات اور بجلی پربراہ راست سبسڈی ملنے سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا،جس سے قیمتیں کم ہوں گی اور مہنگائی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ترقی کے نئے دور کے آغاز کےلئے بزدار حکومت کثیر فنڈز خرچ کر کے اس علاقے کو ایک نئی شناخت دے رہی ہے اور یہاں کی عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کیلئے صوبائی ملازمتوں میں 32فیصد کوٹہ مختص کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں