16

سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل کا کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ،اعلیٰ کوالٹی کی روئی کے حصول کیلئے ٹرائل بارے بریفنگ

ملتان(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کا کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ،کپاس کی نباتاتی بڑھوتری روکنے، پھل کی بروقت میچورٹی، اعلیٰ کوالٹی کی روئی کے حصول کیلئے ٹرائل بارے بریفنگ دی،تفصیلات کے مطابق سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی ہدایت پر کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان میں کپاس کی نباتاتی بڑھوتری کو روکنے کیلئے پودوں کے سب سے اوپر والے حصوں کو کاٹا گیا،اس تجربے کا مقصد فصل کو پھل اٹھانے کی طرف مائل کرنا، پھل کی بروقت میچورٹی کو یقینی بنانا، ٹینڈے بننے کے عمل میں تیزی، ٹینڈے کے سائز میں بہتری اور اعلیٰ کوالٹی کی روئی کا حصول ہے،سیکرٹری زراعت  جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے دورہ کے دوران ریسرچ ٹرائل کا معائنہ کیا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس ریسرچ ٹرائل کا تقابلی جائزہ بھی لیا جائے اور نتائج شیئر کئے جائیں، اگر اس تجربے سے کپاس کی فصل جلد تیار ہوجاتی ہے اور پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے تو کاشتکاروں کے لئے مفید ثابت ہوگا،اس سے کپاس کی فصل بروقت کاٹ کر گندم و دیگر فصلات کی کاشت کا حصول ممکن ہوسکے گا،انہوں نے کہا کہ وقت کی مینجمنٹ کاشتکاروں کیلئے ایک بہت بڑا ایشو ہے،اگر کاشتکار اپنی فصلات بروقت کاشت و برداشت کرلیں تو پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ کیڑوں و بیماریوں کی مینجمنٹ بھی آسان ہوجاتی ہے،اس موقع پر پرنسپل سائنٹسٹ  ڈاکٹر الطاف حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ ادارہ ہذا میں کاشتہ کپاس کی فصل پر آئی پی ایم پروگرام کے تحت عملدرآمد کیا گیا ہے،بعض اقسام میں جینیاتی طور پر رس چوسنے والے کیڑوں کے خلاف قوت مدافعت زیادہ ہے،امسال سفید مکھی، تھرپس اور گلابی سنڈی کے خلاف تمباکو اور کوڑتما سمیت دیگر پلانٹ ایکسٹریکٹس کے حوصلہ افزا نتائج ملے ہیں،اس موقع پر سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل نے کہا کہ زرعی تحقیق کے نتائج اس وقت ثمر بار ثابت ہوں گے جب کسان اس سے مطمئن ہوگا،اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس بارک اللہ خان، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حیدر کرار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن عبدالصمد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں