19

سیکرٹری زراعت کا لودھراں کا دورہ،کپاس کے نمائشی پلاٹس کا معائنہ

ملتان،سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے لودھراں کا دورہ کیا، کپاس کے نمائشی پلاٹس کا معائنہ کرکے پیسٹ پریشر کا جائزہ لیا،سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے لودھراں کا دورہ کیا،محکمہ زراعت کے تحت لگائے گئے کپاس کے نمائشی پلاٹس کا معائنہ کیا،کپاس پر سفید مکھی،چست تیلہ سمیت پیسٹ پریشر کا جائزہ لیااورگلابی سنڈی کی مانیٹرنگ کیلئے لگائے گئے فیرامون ٹریپس کو چیک کیا،اس موقع پر کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہوا چلنے اور درجہ حرارت میں اضافہ کی وجہ سے کپاس کی فصل پر چست تیلے کا حملہ کم ہوگیا ہے،البتہ جن کھیتوں میں سبز تیلہ کا حملہ نقصان کی معاشی حد سے بڑھ چکا ہو اور پودے کا اوپر والا تیسرا حصہ بھی حملہ سے متاثرہ ہو تو ان کھیتوں میں محکمہ زراعت کے ماہرین کی سفارش کردہ زہر کا صرف ایک سپرے کریں۔انہوں نے فیلڈفارمیشنز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئی پی ایم پلاٹس میں ٹرائیکو گراما اور کرائیسوپرلا کے کارڈز فی الفور لگائے جائیں۔بھنڈی اور بینگن پر سبز تیلہ اور سفید مکھی کے تدارک کیلئے سپرے کریں اور آئی پی ایم پلاٹس کے قریب ان فصلات کا ترجیحاً خاتمہ کریں تاکہ کپاس کو سفید مکھی، سبز تیلہ اور وائرس کے حملہ سے بچایا جاسکے۔ سفید مکھی کے تدارک کیلئے پیلے رنگ کے کپڑے یا کارڈز پر گریس لگا کر بحساب 8 فی ایکڑ استعمال کریں اور انہیں 15 دن کے وقفے سے تبدیل کریں،کھیلیوں کو رجر چلا کر توڑیں اور پودے کے نچلے حصے پر مٹی چڑھا ئیں۔ انہوں نے کہا کہ گلابی سنڈی کے تدارک کیلئے آئی پی ایم پلاٹس پر فی الفورپی بی روپس لگائیں جبکہ اس کیڑے کی مانیٹرنگ کیلئے فیرامون ٹریپس بحساب 4 فی ایکڑ لگائیں۔ گلابی سنڈی کے ابتدائی حملے کی صورت میں مدھانی نما پھول توڑ کر تلف کریں اور سپرے کوحتی الامکان تاخیر کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں