12

سیکرٹری صحت کا نشتر ہسپتال کا دورہ،ایمرجنسی میں ناقص صفائی پر ایم ایس کی سرزنش


ملتان،سیکریٹری صحت و بہبود آبادی جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے آج نشتر ہسپتال ملتان کا اچانک دورہ کیا،ہسپتال کی ایمرجنسی میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ہسپتال میں ناقص صفائی کی صورتحال پر پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر شاہد محمود بخاری کی سرزنش کی،انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نشتر کو فوری انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال ملتان کا شمار پاکستان کے بڑے ہسپتالوں میں ہوتا ہے، یہاں پر طبی سہولیات پر کسی قسم کی کوتاہی قابلِ قبول نہ ہے۔ سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال میں علاج کے دوران مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کی جانب سے ملنے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ اور یہ کہ ہسپتال کے تمام وارڈز بالخصوص ایمرجنسی میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ہسپتال کے تمام مقامات پر صفائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہسپتال میں قائم کیے گئے نئے آپریشن تھیٹرز کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نئے آپریشن تھیٹرز جلداز جلد فعال کردیے جائیں تاکہ دوردراز سے آنے والے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں سہولیات کی فراہمی اور مختلف مقامات پر جاری مرمت اور تزین و آرائش کے کام کا بھی معائنہ کیا۔سیکریٹر ی صحت جنوبی پنجاب نے گائنی اور یوروالوجی وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے فراہم کردہ طبی سہولیات بارے استفسار کیا،ہسپتال میں جاری ٹائل ورک اور دیگر کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی کا کہنا تھا کہ اسپتال میں مرمت، تعمیر، اور تزین وآرائش کی اسکیموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ قابل ِ قبول نہ ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ نشتر ہسپتال کو لوگوں کی فلاح و بہبود اور بہترین علاج معالجہ کے لیے موزوں بنایا جائے اور اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے لوگوں کو نشتر ہسپتال میں انتظامیہ، ڈاکٹروں اور میڈیکل و پیرز میڈیکل اسٹاف کی جانب سے کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں