8

شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ ، گھروں میں شہری ،امتحانی سنٹرز میں طلبہ پریشان

کوٹ ادو ،کہروڑپکا ،وہاڑی،چوک سرورشہید ،ٹاٹےپور،نواں شہر( نمائدگان پی این این اردو )جنوبی پنجاب میں شدید گرمی اور حبس کے باوجود بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے،تفصیلات کے مطابق شدید گرمی اور حبس کا راج ہے ایسے میں میپکو کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہیں اس وقت کوٹ ادو کے دیہی وسٹی فیڈروں پر 8سے10گھنٹے کی طویل فورس لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جسکی وجہ سے کاروبار مکمل ٹھپ ہو کر رہ گئے،کہروڑپکا میں سٹی فیڈرز کے ایریا میں امتحان کے اوقات میں لائٹ کی بندش سے امتحان دینے والے طلباء وطالبات شدید ذہنی کوفت اور اذیت کا شکار ہیں،انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں لائٹ نہ ہونے سے پسینے سے براحال ہوتا ہے،پیپر کی جوابی کاپی خراب ہو جاتی ہے جبکہ کسی بھی سنٹر پر لائٹ کا متبادل انتظام نہ ہے ۔ میپکو سب ڈویژن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ فالٹ آجاتا ہے یا بجلی ملتان سے بند کی جاتی ہے ہم بے بس ہیں،وہاڑی شہر اور گردونواح میں 46ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کی چیخیں نکل گئی ہیں،گرمی کے ستائے لوگ بجلی بند ہوتے ہی واپڈا حکام کو جھولیاں بھر بھر کے بددعائیں دیتے دکھائی دئیے تاجروں اشفاق،چاند،ہارون،شہزاد،مقبول احمد،احمد رضا و دیگر نے واپڈا حکام کی بے حسی اور لاپرواہی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔چوک سرورشہیدسے نامہ نگارکے مطابق میپکو کی جانب سے غیر اعلانیہ 3،3گھنٹے لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دیہے،بجلی کی بار بار ٹرپنگ سے شہریوں کی قیمتی اشیا ٗفریج،موٹر،پنکھے،اور ٹی وی بھی جل چکے ہیں،ٹبہ سلطان پور میں بھی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈ نگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،شہریوں نے ایس ڈی او واپڈا ٹبہ سلطان پور سے فوری طور پر گرمی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش کو ختم کرنے کا مطا لبہ کیا ہے،ٹاٹے پور میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے لوگ شدید گرمی میں پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں،نواں شہر میں ڈویژن سردار پور کبیروالہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بوڑھے بچے نوجوان نڈھال ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں