12

صارفین کو اووربلنگ کرنے پر متعلقہ ایس ڈی او اور اہلکاروں کیخلاف محکمانہ ایکشن لیا جائیگا،ایس ای میپکو خالد محمود

ملتان(سٹاف رپورٹر)سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو ملتان سرکل خالد محمود نے کہا ہے کہ صارفین کے میٹروں کی استعمال شدہ یونٹس کے مطابق ریڈنگ کی جائے اور درست بل بھجوائے جائیں،اگر کسی سب ڈویژن میں صارف کو اووربلنگ کی گئی تو متعلقہ ایس ڈی او اور اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیاجائیگا،صارفین کے بجلی بلوں پر میٹرریڈنگ، میٹرریڈر کا نام، ریڈنگ کی تاریخ اور وقت بھی شائع کیاجارہا ہے اور ریڈنگ وبلنگ کی معلومات بذریعہ ایس ایم ایس موبائل فونز پر بھیجی جارہی ہیں،اگر کسی صارف کو زائد ریڈنگ کی شکایت ہوتو وہ فوری طورپر متعلقہ سب ڈویژنل،ڈویژنل یا سرکل دفاتر سے رجوع کرے،محکمہ فوری طورپر بل درست کرکے دیگا اور زائد ریڈنگ کے مرتکب متعلقہ اہلکاروں کے خلاف انضباطی کارروائی کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتازآباد ڈویژن کے دورے کے موقع پر افسران سے بات کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ تمام ایس ڈی او ز اور ایکسین لائن لاسز اور ریکوری کے مقررکردہ اہداف کا حصول یقینی بنائیں،رننگ اور ڈیڈڈیفالٹرز سے واجبات /بقایاجات اور ماہانہ بلوں کی وصولی کے لئے دن اور رات میں آپریشن کئے جائیں،صارفین کے خراب اور جلنے والے میٹروں کی تبدیلی کے لئے میٹرز فراہم کئے گئے ہیں انہیں سٹورز سے حاصل کرکے میٹروں کی تبدیلی کا عمل شروع کیاجائے،انہوں نے کہا کہ سرکل کے زیر انتظام علاقوں میں جلنے اور خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی تبدیلی کم سے کم وقت میں یقینی بنائی جائے اور جلنے والے ٹرانسفارمرز میپکو ری کلیمیشن ورکشاپ بھجواکر ذمہ داروں کا تعین کیاجائے، ایکسین ممتازآبادڈویژن ارشدمنیر ڈاہانے ڈویژن اور سب ڈویژنوں کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی،اس موقع پر ڈپٹی کمرشل منیجر میپکو ملتان سرکل محمد سرورانصاری، ایڈیشنل ایکسین کسٹمرسروسز تاج محمود قمر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں