17

صحت سہولت پروگرام جنوبی پنجاب میں گراس روٹ لیول پر فوری سہولیات فراہم کرنے میں بہترین ثابت ہوگا،سیکرٹری صحت

ملتان،سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ ہیلتھ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا ڈیزائن کردہ صحت سہولت پروگرام جنوبی پنجاب میں گراس روٹ لیول پر صحت عامہ کی فوری سہولیات فراہم کرنے کا بہترین پروگرام ثابت ہو گا،یہ پروگرام عنقریب ابتدائی طور پر ضلع راجن پور اور رحیم یارخان کے دیہی علاقوں میں شروع کیا جا رہا ہے،یہ باتیں آج انہوں نے بہاولپور میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات جنوبی پنجاب عثمان علی خان اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب سید شعیب اقبال کے ہمراہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021-22 کے بارے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں،انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کیلئے ہمارے علاقائی کلچر اور مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر ممالک کے کامیاب ماڈلز سے بھی مدد لی جائے گی،صحت سہولت مراکز پر آنے والے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات ترجیح بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی،اس پروگرام سے خصوصی طور پر ماں اور بچے کی صحت کو بہتر کرنے اور مستقل بنیادوں پر صحت مند معاشرہ کی تشکیل میں بھی کافی زیادہ مدد ملے گی۔ اجلاس میں محکمہ صحت جنوبی پنجاب کی جانب سے بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت سہولت پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ اس مقصد کیلئے دیہی ڈسپنسریوں کو استعمال کیا جائے گا،صحت سہولت گھروں کے فعال ہونے سے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں صحت عامہ کی موثر سہولیات فراہم کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی،اجلاس میں تعلیم، زراعت اور دوسرے محکمہ جات کے منصوبوں بارے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ و فنانس محکمہ صحت جنوبی پنجاب کریم بخش ملک، جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے ایکسئنز بلڈنگ اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں