7

طلبہ کو شجرکاری کی اہمیت و افادیت سے آگاہی کیلئے گرین سکولز انیشی ایٹو پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے،سیکرٹری تعلیم

ملتان( راو نعمان سے)سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو سرسبز وشاداب بنانے اور طلبہ کو شجرکاری کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کرنے کے لئے گرین سکولز انیشی ایٹو پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے،جس کے تحت سکولوں کی سطح پر نرسریاں قائم کی جائیں گی اور طلبہ میں شجرکاری کے شوق کو پروان چڑھایا جائے گا،وہ آج ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں تعلیمی افسران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے،اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری (سکولز ایجوکیشن) محمد انصرسیال، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہرالحق، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) جنوبی پنجاب طاہرہ پروین، ایڈیشنل ڈائریکٹر (ایڈمن) ڈی پی آئی(سکینڈری) شوکت علی خان شیروانی سمیت ملتان،ڈی جی خان، خانیوال، لیہ،مظفرگڑھ، رحیم یار خان،وہاڑی، راجن پور، لودھراں، بہاول پور اور بہاول نگر کے سی ای اوز ایجوکیشن اور متعلقہ تعلیمی افسران نے شرکت کی،سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پرگرین سکولز انیشی ایٹو پروگرام کے ماحول دوست منصوبے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے آنے والی نسل کوفطرت سے محبت، شجرکاری کے فوائد سے آشناکرکے عملی طور پر باشعور بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت کئے جانے والے عملی کام کو پرکھنے کے لئے”گرینومیٹر“کا پیمانہ وضع کیا گیا ہے،جس میں سکولوں کی شادابی کا جائزہ لیا جائے گا،سیکرٹری تعلیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بچوں میں فطرت اور درختوں سے محبت کا جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ موسم، بیج اور درختوں کی معلومات کیلئے سکولوں میں ہر سال فروری تا اپریل اور ستمبر تا نومبر دوسمسٹرزپر مشتمل خصوصی تعلیمی پروگرام تشکیل دیا جارہا ہے،جس میں چھٹی جماعت سے طلبہ کو کہانی کی ایک کتاب پڑھائی جائے گی اور آخری مرحلے میں عملی امتحان لیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کی مرتب کردہ اس کتاب کوقومی نصاب میں شامل کرنے کے لئے متعلقہ حکام نے رضامندی ظاہر کی ہے، سیکرٹری تعلیم نے تعلیمی افسران کو ہدایت کی کہ وہ ”گرین اینڈ گرے پراجیکٹ“ کے تحت سکولوں میں جامن، آم، امرود، انار اور دیگر پھل دار درختوں کے پودے لگوائیں اور ہر پودا سکول کے کسی نہ کسی طالب علم کے نام معنون کر دیا جائے تاکہ اس طالب علم میں احساس ذمہ داری اور اعتماد پیدا ہو اور وہ اپنے نام کے پودے کی لگن اور اپنائیت کے ساتھ دیکھ بھال کر سکے، سیکرٹری تعلیم نے سی ای او ایجوکیشن راجن پور مسعود ندیم کو گرین سکولز انیشی ایٹو پروگرام کا کوارڈینیٹرمقرر کرتے ہوئے تعلیمی افسران کو اس منصوبے پر فوری عمل درآمد کرنے اور اس کو کامیاب بنانے کے لئے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں