13

عمران آزاد کشمیر میں بھی کٹھ پتلی وزیراعظم لانا چاہتے ہیں،بلاول بھٹو

کوٹلی،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر میں بھی کٹھ پتلی وزیراعظم لانا چاہتے ہیں،کوٹلی آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان آزاد کشمیر میں بھی کٹھ پتلی وزیراعظم لانا چاہتے ہیں، کٹھ پتلی نے ایک بار بھی کشمیر پر درست پالیسی نہیں بنائی، تین سال سے کٹھ پتلی کو دیکھ رہے ہیں جب بھی کشمیر کا ذکرکیا صرف اور صرف غلطی کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر جمعے کو سڑک پرکھڑا ہونے کے وعدے پر یوٹرن لے لیا، جو کہتے تھے پیپلز پارٹی ختم ہو جائے گی انہیں کوٹلی آنے کی دعوت دیتا ہوں، چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم تبدیلی والے کو بھی بتائیں گے اور دہلی والے کو بھی بتائیں گے، کشمیر کا فیصلہ صرف کشمیری کریں گے، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں کا جہاں پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا، کشمیر کا سودا نہ منظور ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوٹلی آزاد کشمیر میں آ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام کریں گے آپ کا فیصلہ جنگ کا ہوا تو ہم جنگ کریں گے۔ ملک میں غربت اور مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ تاریخ میں ایسی مہنگائی نہیں ہوئی پاکستان جتنی مہنگائی بھارت‘ بنگلہ دیش اور افغانستان میں بھی نہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں آزاد کشمیر کا وزیراعظم پاکستان کا وزیراعظم ہو آپ لوگوں کو مجھے بھاری اکثریت سے جتوانا پڑے گا۔ آزاد کشمیر میں پی پی کی حکومت بنے گی۔ ہم اقتدار میں آ کر تنخواہ اور پنشن میں اضافہ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں