11

عمران خان نے کشمیری فروشی کے ہمارے دعوؤں پرمہر ثبت کردی، فضل الرحمان

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کشمیر پر ریفرنڈم کرانے کے اعلان پر مولانا فضل الرحمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کشمیری فروشی کے ہمارے دعوؤں پر مہر ثبت کر دی گئی ہے،جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریفرنڈم کرانے کی بات اقوام متحدہ کی تاریخی قراردادوں سے کھلا انحراف ہے۔ عمران خان کا موقف جنرل مشرف کے دورمیں اپنایا گیا موقف ہی ہے،مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ گلگت بلستان کو چھوڑ کر صرف آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کرانا جدوجہد کشمیر کے ساتھ غداری ہے۔ ہم مسئلہ کشمیر کا حل صرف حق استصواب رائے سے چاہتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ مودی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے 350/35 لگائے تو وہ کشمیریوں کا قاتل کہلاتا ہے، اگر عمران خان اقوام متحدہ کی قراردادوں سے بغاوت کرے تو وہ کشمیر فروش نہیں تو اور کیا ہے؟جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان کو پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں میں تبدیلی لانے کیلئے لایا گیا ہے،انہوں نے ہم کسی بھی صورت عمرانی ایجنڈے کی تکمیل نہیں ہونے دیں گے۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں 25 جولائی 2018ء کی تاریخ دہرائی گئی تو اس کے بھیانک نتائج نکلیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں