17

عمران خان 14 اگست کو سرائیکی صوبے کا اعلان کرکے وعدہ پورا کریں،رانا محمد فراز نون

ملتان(سٹاف رپورٹر)عمران خان 14 اگست کو سرائیکی صوبے کا اعلان کریں،وسیب کے 8 کروڑ عوام کی توہین کرنیوالے ریٹائرڈ جنرل اعجاز کا کورٹ مارشل ہونا چاہئے،پاکستان کے تمام شہروں کو برابر کے حقوق دیئے جائیں،ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی رانا محمد فراز نون، عنایت اللہ مشرقی، نعیم خان ڈاہا، عبدالباری جعفری، لالہ اقبال، اجمل مسن، حانیہ خان اور سائرہ زیدی نے مشترکہ بیان میں کیا،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 14 اگست کو سرائیکی صوبے کا اعلان کرکے اپنا وعدہ پورا کریں اور خود پر لگے وعدہ خلافی کے داغ کو مٹا کر جمہوری وزیر اعظم ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ وسیب کے لوگوں کو بھکاری کہنے والے یاد رکھیں کہ قیام پاکستان کے بعد پہلی تنخواہ بھی بھکاری نے دی تھی اور ریٹائرمنٹ ہونیوالوں کو رقبے بھی بھکاریوں کے چولستان میں مل رہے ہیں۔ زبان کے بے دریغ استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔ وسیب کے 8 کروڑ عوام کی توہین کرنیوالے جنرل اعجاز کا کورٹ مارشل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خسرو بختیار نے دورہ رحیم یار خان کے دوران سرائیکی وسیب کے خلاف توہین آمیز الفاظ کی مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ انہوں نے الفاظ واپس نہ کئے تو پورے سرائیکی وسیب میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی اجرکیں پہن کر صوبے کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والوں کو سانپ سونگھ گیا ہے۔ اب وہ صوبے کا نام لینا تک گوارہ نہیں کرتے۔ ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ اب سرائیکی وسیب میں ووٹ کس منہ سے لینے آئوں گے؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان سب کا ہے۔ یہاں جتنی قومیں آباد ہیں انہیں ان کا حق ملنا چاہئے۔ آزاد ریاست قوموں کے حق مارنے کی اجازت نہیں دیتی۔ رانا محمد فراز نون نے کہا کہ پاکستان کے تمام شہروں کو برابر کے حقوق دیئے جائیں اور سینٹ سے سرائیکی صوبے کا بل پاس ہو چکا ہے۔ عمران خان یوم آزادی کے موقع پر صوبے کا اعلان کریں ورنہ ہم احتجاج شروع کریں گے اور گھر گھر جا کر لوگوں کو بتائیں گے کہ وسیب سے دھوکہ کرنے والوں کو نہ صرف یہ کہ ووٹ نہ دیئے جائیں بلکہ ہر جگہ سیاہ جھنڈیوں سے ان کا استقبال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی وسیب کو عمران خان کے ڈرامائی دوروں کی نہیں، صوبے کی ضرورت ہے۔ سیکرٹریٹ کا لولی پاپ ختم کرکے صوبہ سرائیکستان کے قیام کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں