8

عوام کو تحریک انصاف کی حکومت پر مکمل اعتماد ہے،مخدوم زادہ زین حسین قریشی

ملتان(سٹاف رپورٹر)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدوم زادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے جس کی جڑیں ملک کے کونے کونے میں پھیلی ہوئی ہیں،گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کو عوام کا بھاری مینڈیٹ اس بات کا ثبو ت ہے کہ عوام کو تحریک انصاف کی حکومت پر مکمل اعتماد ہے،کارکردگی کی بدولت 2023 کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور اگلا اقتدار بھی تحریک انصاف کا ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کی مختلف یونین کونسلوں دنیا پور روڈ میں چک 19ایم آر میں میٹل روڈ کا افتتاح‘ چک نمبر12 ایم آر بجلی فراہمی کے منصوبوں کا افتتاح ‘ چک نمبر6ٹرپائی سے چک نمبر1ٹی جنوبی تک میٹل روڈ کا افتتاح ‘ چک نمبر6ٹرپائی سے چک نمبر1ٹی شمالی تک کارپیٹڈ روڈ کا افتتاح ‘ چک نمبر6ٹرپائی سے چک نمبر3ٹرپائی تک کارپیٹڈ روڈ کا افتتاح اور موضع گھڑے بھن میں میٹل روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر شروع ہے،جو اب کبھی رک نہیں سکتا،اپوزیشن جتنا مرضی زور لگا لے، جتنی مرضی مخالفت کرلے ملکی ترقی کا سفر رک نہیں سکتا،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو مہنگائی سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے،جس پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے،انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے یہاں کے عوام نے تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا اور ہمیں عوام کے مینڈیٹ کا بھرپور احترام ہے، یہاں کے عوام اور خطے کی ترقی ہم پر فرض ہے۔ حلقہ این اے 157 میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے،جن کی تکمیل سے علاقے کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، انہوں نے کہا ماضی میں حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان تو کیا گیا لیکن انہیں پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا گیا۔ الیکشن میں کئے گئے وعدے کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ہم خالی نعروں پر نہیں بلکہ عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ عوامی خدمت کا سفر جوش و جذبے سے جاری رہے گا ۔ اس موقع پر چودھری سجاد گجر ‘ اقبال وٹو‘ فدا کھوکھر ‘ زاہد ارائیں‘ صفدر حنیف ‘ علی احمد بھنڈر ‘ ملک ارشاد اوجلہ ‘ اسلم اوجلہ‘ رفیق اوجلہ‘ ملک شان اوجلہ‘ حیدر جٹ ‘ خان بیگ ‘ زاہد جٹ ‘ چودھری سلامت سمیت علاقے کی سرکردہ شخصیات موجود تھے۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے احکامات جاری کئے۔اس موقع پر اہلیان علاقہ نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر مخدومزادہ زین حسین قریشی کو خراج تحسین پیش کیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں