4

عیدالاضحی اور محرم الحرام پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے،ایڈیشنل آئی جی کا ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب

ملتان،ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان (ستارہ امتیاز) نے کہا ہے کہ عیدالاضحی اور محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر جنوبی پنجاب میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے جائیں گے،حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے باعث پولیس کو مزہبی تہوار سے قبل تمام حساس مقامات اور عبادت گاہوں کی فول پروف سیکورٹی کا ٹاسک دیا ہے،انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کامیابیاں سمیٹی ہیں عوام کی حفاظت کیلئے مزید مربوط پالیسی کے تحت امن و امان کی فضاء برقرار رکھی جائے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل پولیس آفس میں جنوبی پنجاب پولیس افسران وڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وڈیو لنک کانفرنس میں ریجنل پولیس آفیسر ملتان سید خرم علی سمیت جنوبی پنجاب کے آر پی آوز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی،اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ عیدالاضحی سے قبل مویشی چوری اور سمگلنگ کی وارداتوں میں کو روکنے کیلئے موثر گشت اور ناکہ بندی کا نظام وضع کیا جائے،انہوں نے کہا کہ اغوا و زیادتی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث عادی مجرموں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے،کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان کا مزید کہنا تھا کہ ون فائیو ایمرجنسی کالز کا ڈیٹا مرتب کرکے جرائم کا رجحان جانچا جائے اور اسکے تدراک کیلئے موثر حکمت عملی ترتیب دی جائے،جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کی پولیس کمانڈ فوری کرائم ڈیٹا مرتب کرکے تھانوں کا ریکارڈ مکمل کرے اور اشتہاریوں اور عدالتی مفروروں کو پکڑنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود ہمارا نصب العین ہے فورس کا مورال بلند کئے بغیر کارکردگی کی توقع رکھنا ناممکن ہے جنوبی پنجاب پولیس آفس کے قیام سے اس خطے کے پولیس اہکاروں اور عوام کو انکی دہلیز پر ریلیف ملا ہے۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کا کہنا تھا کہ تھانہ کہ سطح پر ٹاؤٹوں کا خاتمہ کرکے عوام کو براہ راست انصاف کی فراہمی کا خواب پورا کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ ملتان ریجن میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے ایک مشترکہ پالیسی کے تحت سرگرم عمل ہیں۔سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی خصوصی سکریننگ جاری ہے تاکہ کوئی مزید ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔بعد ازاں ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور زبیر دریشک اور ریجنل پولیس افسر ڈیرہ غازی خان فیصل رانا کی جانب سے بھی تفصیلی بریفننگ دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں