24

محکمہ زراعت پنجاب نے سمارٹ لیزر لینڈ لیولر متعارف کروا دیا

ملتان،محکمہ زراعت پنجاب نے سمارٹ لیزر لینڈ لیولر متعارف کروا دیا،سمارٹ لیزر لینڈ لیولر چھوٹے ٹریکٹرز (50 HP) سے بھی چلایا جا سکتا ہے،ڈائریکٹر جنرل زراعت (اصلاح آبپاشی) پنجاب ملک محمد اکرم نے بتایا ہے کہ کاشتکاروں کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ زراعت کے شعبہ اصلاح آبپاشی نے 28 ارب روپے سے زائد جاری آبپاشی کھالوں کی اصلاح کے قومی پروگرام (فیزII-) کے تحت سمارٹ لیزر لینڈ لیولر متعارف کرایا ہے جس کاڈیزائن روایتی لیزر لینڈ لیولر کی نسبت زیادہ استعدادِ کار کا حامل ہے اور یہ وزن میں ہلکا  ہونے کی وجہ سے فیول کم استعمال کرتا ہے،ملک محمد اکرم نے مزید بتایا کہ یہ سمارٹ لیزر لینڈ لیولر پنجاب میں موجود چھوٹے ٹریکٹرز (50 HP) سے بھی چلایا جا سکتا ہے اور اس کی قیمت بھی روایتی لیزر لینڈ لیولر سے تقریباً 60 ہزار روپے کم ہے،اس سمارٹ لیزر لینڈ لیولر کے استعمال سے فصلوں کے اگاؤمیں پانی کی بچت کے ساتھ ساتھ انرجی کے استعمال میں کمی اور زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ لیزر لینڈ لیولنگ ٹیکنالوجی زرعی شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جس سے زمین کے کٹاؤ میں کمی اور فصل کا اگاؤ بھی یکساں ہوتا ہے۔ مزید برآں، گندم چاول، گنا اور مکئی کی پیداوار کے حالیہ اضافے میں بھی لیزر لینڈ لیولنگ نے اہم کردار ادا کیا ہے، سمارٹ لیزر لینڈ لیولر کے استعمال سے زمینداروں کی زرعی پیداوار میں تقریباً 20 فیصد تک اضافہ اور پانی کی 25 فیصد تک بچت ہوتی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل زراعت (اصلاح آبپاشی) پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ زراعت کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی اور مشینی زراعت کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اوراس ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے جس سے آنے والے دنوں میں کاشتکاروں کو سستے داموں معیاری لیزر لینڈ لیولر زکی ٹیکنالوجی فراہم کی جا سکے گی جس سے نہ صرف مشینی زراعت کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ صوبہ کی زرعی پیداوار میں مزید اضافہ ممکن ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں