11

ملتان،ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں اجلاس،ترقیاتی سکیموں کی رفتار تیز کرنیکا حکم

ملتان(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا،محکمہ زراعت کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،تفصیلات کے مطابق سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں محکمہ زراعت کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیا،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کے ویژن کے تحت جنوبی پنجاب میں زرعی ترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے،مختلف فصلوں کی پیداوار میں اضافہ اور زرعی منڈیوں کی اپ گریڈیشن کیلئے تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں،انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ جنوبی پنجاب میں زرعی ترقی کیلئے علیحدہ 11 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے جنوبی پنجاب میں زراعت کی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا،جس سے نہ صرف ہمارا کاشتکار مستفید ہوگا بلکہ اس کی آمدن اور زرعی پیداوار میں اضافہ سے ملک بھی ترقی کرے گا،اجلاس میں سیکرٹری زراعت کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب میں زراعت کی 12 نئی ترقیاتی سیکیموں پر کام جاری ہے جن میں واٹر مینجمنٹ، زراعت توسیع، سوائل کنزرویشن، ریسرچ، زرعی انجینئرنگ، کاٹن ریسرچ، نرسریوں کی رجسٹریشن، جدید زرعی منڈیوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن شامل ہے،سیکرٹری زراعت نے تمام افسران کو 15 دن بعد ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سکیموں کی مانیٹرنگ کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے،کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں ہوگی،اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس جنوبی پنجاب امتیاز احمد وڑائچ، ڈائریکٹر جنرل واٹر مینجمنٹ جنوبی پنجاب ظفر اللہ سندھو سمیت محکمہ زراعت کے مختلف ونگز کے افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں