10

ملتان،تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کا آغاز،نان سیلری بجٹ کا دس فیصد مختص

ملتان،محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کی طرف سے خطے کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے احیا اور فروغ  کے جامع منصوبے کا آغاز، نان سیلری بجٹ کا دس فیصد کھیلوں کے فروغ کے لئے مختص، کھیل اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوششیں اور ان کے نتائج کو تعلیمی اداروں کے سربراہان کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کا حصہ بنایا جائے گا،منصوبے پر فوری عمل درآمد کے لئے سی ای اوز کانفرنس میں تعلیمی افسران کو ٹاسک دے دیاگیا،تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب نے خطے کے 11اضلاع کے تعلیمی اداروں میں کھیل کی سرگرمیوں کے احیا اور اس کے فروغ کے ایک جامع منصوبے کا آغاز کیا ہے، اس سلسلے میں ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ سی ای اوز ایجوکیشن کی کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے کہا کہ طلبہ میں کھیلوں کے شوق کو پروان چڑھانے اور ان میں نظم و ضبط، سپورٹس مین سپرٹ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر نمائندگی کے لئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نرسری تیار کرنے کے لئے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کا احیاء اور فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ آئندہ سکولوں کے نان سیلری بجٹ کا دس فیصد کھیلوں کے فروغ کے لئے مختص کیا جائے اور جنوبی پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں کا نقشہ تیارکرا کے اس میں موجود میدانوں کی پیمائش کے ساتھ نشان دہی کی جائے، سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ ہر جماعت کے لئے ہفتے میں کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ دو دنوں کے آخری دو پیریڈز کھیلوں کے لئے مختص کئے جائیں، انہوں نے تعلیمی اداروں میں پی ٹی، ڈرل اور مارچ پاسٹ کے سلسلے کو دوبارہ بحال کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام سکولوں کے فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز کی تربیت کا باقاعدہ انتظام کیا جائے گا تاکہ وہ مختلف کھیلوں کے حوالے سے بچوں کی کوچنگ پیشہ وارانہ انداز میں اور بہتر طریقے سے کر سکیں، سیکرٹری تعلیم نے منصوبے پر فوری عمل درآمد کے لئے سی ای اوز ایجوکیشن کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ کھیل اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوششیں اور ان کے نتائج کو رپورٹ کوتعلیمی اداروں کے سربراہان کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کا حصہ بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں