14

ملتان،جشن آزادی کے سلسلے میں چوکوں اور شاہراہوں پر قومی ہیروز کے بینرز آویزاں،سرکاری عمارات کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا

ملتان(سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے جشن آزادی کی آمد کے سلسلے میں شہر کو سبز رنگوں سے سجا دیا ہے،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پر چوکوں اور شاہراہوں پر قومی ہیروز کے بینرز آویزاں کئے گئے اور سرکاری عمارات کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں خصوصی صفائی آپریشن بھی کیا گیا اور عوامی و سرکاری اداروں پر شجرکاری مہم بھی چلائی گئی،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اس حوالے سے بتایا کہ یوم آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد دلاتا ہے ان قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے یوم آزادی پر ملکی سالمیت کیلئے ہر شہری اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کرے،اور اسکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے،علی شہزاد نے کہا کہ محرم الحرام کے تقدس کے پیشِ نظر یوم آزادی سادگی سے منایا جائے گا اور قومی پرچم سربلند کرکے 14 اگست کو اس دھرتی کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کے مقصد کو صحیح معنوں میں سمجھتے ہوئے اس یوم پر اپنے ہم وطنوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں اور انسانی حقوق کا خیال کرتے ہوئے برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے،دریں اثناءشہر کو سجانے اور خوبصورتی میں اضافے پر شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں