22

ملتان،ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری کا انعقاد،ڈپٹی کمشنر کا وراثتی انتقال میں تاخیر بارے درخواستوں پر24 گھنٹوں کے اندر عملدر درآمد کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم

ملتان(سٹاف رپورٹر)ریونیو عوامی خدمت کچہریاں شہریوں کے ریونیو مسائل کے حل کا بڑا ذریعہ بن گئیں،رضا ہال میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری عوام کا جم غفیر امڈ آیا، سب سے زیادہ درخواستیں قبضہ مافیا کے خلاف موصول ہوئیں،اولاد کی جانب سے گھر سے نکالے گئے والدین بھی داد رسی کے لئے ریونیو کچہری پہنچ گئے،وراثتی انتقال میں تاخیر اور انتقالات میں غلطیوں کی اصلاح کے لئے بھی درجنوں درخواستیں موصول ہوئیں،ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد نے سائلین کی درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کئے،انہوں نے وراثتی انتقال میں تاخیر بارے درخواستوں پر24 گھنٹوں کے اندر عملدر درآمد کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا،تحفظ حقوق والدین آرڈیننس کے نفاذ کے بعد گھروں سے بیدخل کئے گئے والدین کے لئے بھی ریونیو خدمت کچہری امید کی کرن بن گئی،بیوی اور بیٹوں کی جانب سے گھر سے بیدخل کئے گئے چونگی نمبر14 کے رہائشی عمررسیدہ عبدالمجید نے ڈپٹی کمشنر سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ گھر کی رجسٹری اور انتقال اس کے نام ہے،اس کے باوجود گھر میں اس کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے،اسے گھر کا قبضہ دلایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے عبدالمجیدکی درخواست پر ریونیو ریکارڈ طلب کر لیا ہے،اسی طرح ریونیو کچہری میں جلال پور پیروالا چک84 کے رہائشی اللہ دتہ نے قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرانے کی التجا کی،اللہ دتہ نے درخواست میں بتایا کہ قبضہ مافیا نے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا ہے،لیکن پولیس ڈاکٹ جاری نہیں کررہی،قبضہ مافیا محصول ہڑپ کررہا ہے،اسے رقبے کا قبضہ دلایا۔ڈپٹی کمشنر نے اللہ دتہ کو زمین کا قبضہ دلانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیروالا کو ہدایات جاری کیں۔ایک اور شہری کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ایک پٹواری کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے،شہری نے شکایت کی تھی کہ متعلقہ پٹواری نے انتقال میں تاخیر کرکے فریق مخالف کو حکم امتناہی حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔ریونیو عوامی خدمت کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان،اسسٹنٹ کمشنرز خواجہ عمیرمحمود، عدنان بدر،سب رجسٹرارز کامران بخاری، جمیل حیدرشاہ کے علاوہ تمام تحصیلدار، قانون گو،پٹواری،اراضی ریکارڈ سنٹر اور ڈومیسائل برانچ کا عملہ بھی موجود تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں