14

ملتان،ضلعی انتظامیہ کا احساس راشن رعایت پروگرام کیلئے بہترین انتظامات کا حکم

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کے عام آدمی کو مہنگائی سے بچانے کیلئے فلاحی ریاست کے ویژن کے مطابق احساس راشن رعایت پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے،احساس راشن پروگرام کے تحت معاشرے کے نادار افراد کو رجسٹرڈ جنرل سٹورزسے سستے ریٹس پر مخصوص اشیائے خوردونوش فراہم کی جائیں گی،انہوں نے کہا کہ احساس راشن رجسٹریشن کیلئے ضلعی ٹیموں نے کریانہ سٹورز کو آن لائن پورٹل پر درج کرانے کا آغاز بھی کردیا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں احساس راشن رعایت پروگرام کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزماں قیصرانی اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ سستے داموں اشیائے خوردونوش حاصل کرنے کیلئے مستحق گھرانہ خود کو احساس راشن رعایت ویب سائٹ پر رجسٹر کرائے گا،جس سے ہر گھرانے سے ایک فرد راشن کیلئے رجسٹر ہوسکے گا،اہل فرد کی موبائل سم قومی شناختی کارڈ پر رجسٹر ہونا ضروری ہے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رجسٹریشن عمل کے 4 ہفتوں میں 8171 سے اہلیت کا پیغام موصول ہوگا،جس کے بعد حکومت کی جانب سے مخصوص کریانہ سٹورز پر سبسڈی دینے کا آغاز ہوگا،عامر کریم خان نے کہاکہ حکومت کی جانب سے کریانہ مالکان کیلئے بھی خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے،اشیائے خوردونوش کی فروخت پر کمیشن اور ہر سہہ ماہی میں کارکردگی کی بنیاد پر انعامات بھی دئیے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کریانہ مالکان بھی خود کو احساس راشن رعایت ویب سائٹ پر رجسٹر کروا سکتے ہیں اس سلسلے میں کریانہ مالکان کا بینک اکاونٹ ہونا لازم ہے،ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کو احساس راشن رعایت پروگرام کیلئے بہترین انتظامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی آگاہی کیلئے احساس راشن رعایت پروگرام کی آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں