7

ملتان،ضلع کچہری میں وکلا چیمبرز کے سنگ بنیاد کی تقریب کا انعقاد

ملتان(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری لا پنجاب بہادر علی خان نے کہا ہے کہ سروس کا آغاز ملتان سے 1981 میں کیا، سول جج کے بعد سینئر سول جج ، ڈپٹی ڈائریکٹر محتسب سمیت دیگر عہدوں پر فائز رہا، احمد پور شرقیہ میں تین سال رہا، پوری سروس میں مجھے پیار ملا، ملتان میں مجھے ہمیشہ آسانی رہی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کچہری میں وکلاء کے چیمبرز کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے مزید کہا کہ کچہری کی منتقلی کے وقت میں ہی یہاں سیشن جج تھا، اسوقت وکلاء نے کچہری منتقلی کے خلاف دھرنا دیا تو میں بھی انکے ساتھ بیٹھ گیا، انفرادی طور پر مثبت کام کریں گے تو پورا معاشرہ ٹھیک ہو جائے گا،سابق چیف جسٹس محمد قاسم خان نے بڑی جواں مردی کے ساتھ کام کیا، ہم لوگوں نے کتاب کو چھوڑ دیا ہے، جج کو ہمیشہ بار بناتی ہے،بزرگوں نے ہمیں اچھا ملتان دیا ہے اب نوجوانوں نے اسے آگے بڑھانا ہے، بار سے ہمیشہ محبت کی ہے، نوجوانوں سے پیار رہا ہے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان طاہر نواز خان نے وکلا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج نوجوان وکلاء کے لئے ایک یاد گار دن ہے۔ بار اور بینچ ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان سید یوسف اکبر نقوی نے کہا کہ ہم نے منتخب ہونے کے بعد وعدہ کیا تھا کہ وکلاء کو چیمبرز مہیا کرینگے، سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان اور سیکرٹری لاء پنجاب بہادر علی خان کے مشکور ہیں، جن چیمبرز پر وکلا کام نہیں کرینگے اسے آگے نیلام کردیا جائے گا، چیمبرز کی الاٹمنٹ کے لئے غیر جانبدارانہ قرعہ اندازی کریں گے، دو ماہ کے اندر چیمبرز بنا کر وکلاء کے حوالے کر دینگے۔تقریب میں ممبر پاکستان بار کونسل مرزا عزیز اکبر بیگ، سابق صدر عظیم الحق پیرزادہ، ثمینہ نگہت چغتائی، بلال شہباز، شیخ تنویر، ارشد بھٹی اور وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر سیکرٹری لاء نے چیمبرز کا افتتاح بھی کیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا بھی کرائی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں