8

ملتان،وارڈ نمبر4،5،6 کے مسترد امیدواروں کو کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں حصہ لینے اور نشان جاری کرنے کا حکم

ملتان(سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جج مسٹر جسٹس شان گل نے کنٹونمنٹ بورڈ ملتان کے الیکشن میں چار امیدواروں کو الیکشن میں حصہ لینے اور نشان جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے،ریٹرننگ افسر نے وارڈ نمبر 5 کے امیدوار طارق نیاز، سعد عرفان ، وارڈ نمبر 4 کے امیدوار ملک وقاص اعوان اور وارڈ نمبر 6 کے قاسم شاہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے جو اب عدالتی حکم کے بعد انتخابات میں حصہ لے سکیں گے،یاد رہے کہ وارڈ نمبر 6 سے ثنا اکبر کو بلا مقابلہ منتخب کیا گیا تھا تاہم اب وہاں بھی الیکشن ہونگے۔امیدواروں کی جانب سے وکلاء شیخ جمشید حیات، حسنین رضا باری، راؤ یاسر یامین نے دلائل پیش کئے۔ عدالت عالیہ نے پٹیشن میں نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 اگست کو کنٹونمنٹ بورڈ حکام سے جواب بھی طلب کر لیا ہے،وارڈ نمبر 5 سے امیدوار طارق نیاز کے ایجنٹ کی کم عمر کی وجہ سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے، اسی وارڈ سے امیدوار سعد عرفان کے فارم میں اثاثوں کے خانے میں دستخط نہ ہونے کا اعتراض لگا تھا۔سیشن جج ملتان نے بھی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔پیٹشنرز کے مطابق الیکشن رولز 2015 کے تحت امیدواروں کو ان وجوہات کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لینے سے نہیں روکا جا سکتا اس لیے الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے،دریں اثناء عدالت عالیہ نے کنٹونمنٹ بورڈ ملتان کے الیکشن میں وارڈ نمبر 3 کے امیدوار خالد اسد کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت اور نشان جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے،سابق صدر ٹیکس بار و درخواست گزار خالد اسد کی جانب سے کونسلز سید ریاض الحسن گیلانی ،محمود اشرف خان اور سجاد بھٹہ نے دلائل پیش کئے۔درخواست گزار کے مطابق ریٹرننگ آفیسر نے وارڈ نمبر 3 کے ایجنٹ کا ووٹر نہ ہونے کی وجہ سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے تھے۔ سیشن جج ملتان نے بھی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ برقرار رکھا، سکروٹنی کے وقت اپنے ایجنٹ کو تبدیل کرنے کی درخواست بھی دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں