18

ملتان،ٹاؤن پلاننگ ڈائریکٹو ریٹ کا اجلاس،ایم ڈی اے کا تعمیر شدہ بلڈنگ کا سروے کرکے 15 دن میں رپورٹ پیش کرنیکا حکم

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا ہے کہ ایم ڈی اے کے تمام کنٹرولڈ روڈز پر تعمیر شدہ بلڈنگ کا سروے کیا جائے،تاکہ غیر قانونی اور غیر منظور شدہ بلڈنگز کے بارے میں معلوم کیا جاسکے،جس بلڈنگ انسپکٹر کی تعیناتی کے دوران غیر قانونی بلڈنگ کی تعمیر ہوئی ہوگی،اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے کی طرف لوگوں کا رجحان بنانے میں فیلڈ سٹاف کی بہت اہمیت ہے،ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے ٹاؤن پلاننگ ڈائریکٹو ریٹ کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ کے اجلاس میں کیا،ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ راؤ ذکا الرحمان نے اپنے ڈائریکٹوریٹ بارے میں ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے کو بریف کیا،ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا ہے کہ ملتان شہر کی بے ہنگم اور بے ربط کمرشل تعمیرات نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا ہے،شہر کی خوبصورتی کے لئے لازم ہے کہ ان تعمیرات کی جیو فینسنگ کرائی جائے،ٹاؤن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ کے زیر کنٹرول ایم ڈی اے کنٹرولڈ ائیریا کو دو زونز نارتھ اور ساؤتھ میں تقسیم کر کے تعمیر شدہ بلڈنگز کا سروے کیا جائے اور ان کی جیو فینسنگ کرائی جائے اور ڈیٹا بیس تیار کیا جائے،تاکہ غیر منظور شدہ اور غیر قانونی تعمیرات بارے میں معلوم ہو سکے،انہوں نے 15 دن کے اندر تمام سروے رپورٹ مکمل کر کے پیش کرنے کا حکم دیا،ساؤتھ زون کی نگرانی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی ا ے عارف ضیاء گجر جبکہ نارتھ زون کے سروے کی نگرانی ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن ایم ڈی اے شاکر عباس بزدار کریں گے،بلڈنگ کے سروے اور جیو ٹیگنگ کے لئے ایک پرفارما تیا ر کیا جائے،جس میں بلڈنگ کی تفصیل، رقبہ، ایڈریس مکمل تفصیل کے ساتھ درج ہو اور اس پر متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر کے دستخط موجود ہوں،سروے کرنے اور ڈیٹا بیس تیار کرنے کے لئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جیو گرافیکل انفارمیشن سسٹم (GIS) رضوان منشا کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ سروے اور ڈیٹا بیس جیوٹیگنگ کی تھرڈ پارٹی انسپکشن بھی کرائی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہاکہ غیر قانونی تعمیرات کو ایم ڈی اے کے نیٹ میں لانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ روزانہ 9 بجے تمام ڈائریکٹرز کے ساتھ میٹنگ کر کے تمام مسائل کو مل جل کر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لئے نئی بھرتی کی سمری تیار کی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے تمام آفیسران اور فیلڈ سٹاف کو ایمانداری اور دل جمی سے ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے عارف ضیاء،ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن شاکر عباس بزدار،ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ راؤ ذکا الرحمن، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ طاہر شاہ، ڈائریکٹر انجینئرنگ غلام نبی، ڈائریکٹر اربن پلاننگ خواجہ وقاص و دیگر آفیسران اور فیلڈ سٹاف شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں