5

ملتان،پلانٹ فار پاکستان سلوگن کی تیاریاں شروع،سرکاری محکموں سے پانچ ماہ جاری رہنے والی شجرکاری مہم کا ٹارگٹ طلب

ملتان(سٹاف رپورٹر)شہر اولیا کی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کے لئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں،تمام سرکاری محکموں سے پانچ ماہ تک جاری رہنے والی پلانٹ فار پاکستان مہم کے لئے شجرکاری کا ٹارگٹ طلب کر لیا گیا ہے،ہر محکمہ پودے کو درخت بننے تک اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری نبھائے گا۔پودوں کی دیکھ بھال میں غفلت پر متعلقہ افسر جواب دہ ہو گا،بائی پاس چوک سے قادر پور راں تک شاہراہ کے دونوں اطراف میں پودے لگانے کا پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت پلانٹ فار پاکستان مہم کی تیاریوں بارے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلیم ہیلتھ، پولیس، جنگلات، انہار، ایم ڈی اے کارپوریشن، واسا،پی ایچ اے،این ایچ اے،بی زیڈ یو،زرعی یونیورسٹی،انجینئرنگ یونیورسٹی اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے افسران نے شرکت کی،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز قمرالزمان قیصرانی،رانا اخلاق احمد خان اور محمد طیب خان بھی موجود تھے،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان کے سلوگن سے شجرکاری مہم کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار مہم کے انتظامات خود مانیٹر کررہے ہیں،حکومت پنجاب نے مہم کے دوران پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری کا پلان تیار کیا ہے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع ملتان میں ریکارڈ شجر کاری کے لئے جامع منصوبہ کی ضرورت ہے، تمام محکمے اپنے ایریا کے مطابق پودوں کی تعداد بارے اپنی ڈیمانڈ سے آگاہ کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ اب شجرکاری بارے کاغذی کارروائی نہیں ہوگی،۔عملی اقدامات ہونگے،جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے شجرکاری مہم کو مانیٹر کیا جائے گا۔پودوں کی مانیٹرنگ کے لئے حکومت پنجاب خصوصی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائے گی اور ہر پودے کی جیوٹیگنگ کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں، ہسپتالوں،تھانوں،پارکوں کے علاوہ سڑکوں اور نہروں کے کنارے شجرکاری پر فوکس کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر رانا اخلاق احمد خان کو پلانٹ فار پاکستان مہم کے لئے فوکل پرسن مقرر کردیا گیا ہے۔ڈی ایف او طارق محمود نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی ملتان میں واقع نرسریوں میں4 لاکھ پودے تیار کر لئے گئے ہیں۔ضلع ملتان میں نہروں کے کنارے1لاکھ 25 ہزار پودے لگائے جائیں گے،محکمہ جنگلات سکولوں اور ہسپتالوں کو مفت پودے فراہم کرے گا،شہری محکمہ جنگلات کی نرسری سے دو روپے میں نیم،بکائن، جامن،امرود اور کیکر کا پوداحاصل کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں