8

ملتان،پیپلز لیبربیورو کے زیر اہتمام مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف احتجاج

ملتان(سٹاف رپورٹر)بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں پیپلز لیبر بیورو کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ سے معروف مزدور رہنما محمد عاشق بھُٹہ صدر پیپلز لیبر بیورو جنوبی پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لیبر قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے کم از کم اُجرت کے قانون پر عملدرآمد کروایا جائے،مساوی اُجرت کے قانون پر عملدرآمد کرتے ہوئے خواتین ورکرز کو بھی قانون کے مطابق اُجرت دلوائی جائے،بند پڑے تمام صنعتی اداروں کو چالو کئے جانے کے اقدامات کئے جائیں، اوقات کار میں قانون کے مطابق 8 گھنٹے ڈیوٹی کے قانون پر عمل کرایا جائے،انہوں نے کہا کہ اس وقت اکثر کارخانوں میں 8گھنٹے کے بجائے12گھنٹے ڈیوٹی لی جاتی ہے،عاشق بھُٹہ نے مزید کہا کہ ملتان میں مزید دو ورکرز ویلفیئر سکول قائم کئے جائیں،تا کہ مزدوروں کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع مل سکیں،عاشق بھُٹہ نے مزید کہا کہ سوشل سیکورٹی، میڈیکل سنٹر انڈسٹریل اسٹیٹ کو شاہ رکن عالم ہسپتال کا درجہ واپس دیا جائے،عاشق بھٹہ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ کی زیرالتوار درخواستوں کا فوری طور پر فیصلہ کیا جائے اور حقدار صنعتی مزدوروں کو گرانٹ کے چیک جاری کئے جائیں،انہوں نے احتجاجی مظاہرہ میں شامل مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم از کم اُجرت کے بجائے ضرورت کے مطابق مزدوروں کی تنخواہوں کا تعین کیا جائے،اگر مہنگائی کے تناسب سے مزدوروں کی اُجرت مقرر نہ کی گئی تو مزدور مزید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے،عاشق بھُٹہ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سہ فریقی لیبر کانفرنس بلائی جائے اور کانفرنس کی سفارشات کے مطابق لیبر پالیسی نافذ کی جائے۔ احتجاجی مظاہرہ میں عاشق بھُٹہ کے ہمراہ مزدور رہنما محبوب کاشمیری، عبدالرحمن بلوچ، غلام یٰسین موہانہ، محمد اقبال لابر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں