20

ملتان،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سے تعارفی میٹنگ،ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ

ملتان(سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملتان ڈویژن کی تعمیر و ترقی کا ٹاسک دیا ہے،اس سلسلے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوکس میں رکھا جائے گا،کمشنر نے کہا کہ نشتر ٹو سمیت میگا پراجیکٹس کی ازخود مانیٹرنگ کررہا ہوں،ہفتے میں دو روز قومی تعمیر نو کے محکموں کو ساتھ لیکر ڈویژن کے دورے پر نکلوں گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں الیکڑانک میڈیا کے نمائندگان سے تعارفی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈنیشن سرفراز احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ترجمان کمشنر ارم سلیمی بھی انکے ہمراہ تھیں،کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ شہر میں سیوریج کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے،جس کے تدارک کیلئے واسا کو حتمی ڈیڈ لائن جاری کی گئی ہے،کمشنر کا کہنا تھا کہ شہر میں عرصہ دراز سے بند واٹر پیوریفکیشن پلانٹس کو فعال کر کے شہر میں صفائی کا مثالی نظام متعارف کرایا جائے گا،کمشنر ملتان نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دائرہ کار دیہی یونین کونسلز تک بڑھایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ گھنٹہ گھر اور اندرون شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لئے وال سٹی پروجیکٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی،جب کہ شہر اولیا کی صدیوں پرانی تاریخ کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے یہاں کے ثقافتی ورثے کو بھی پرموٹ کیا جائے گا،ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ نشتر میں 158 کورونا کے مریضوں تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں جن میں 99 فی صد مریضوں نے کرونا ویکسین نہیں لگوائی تھی،ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر ارشاد احمد کا کہنا تھا کہ رورل ہیلتھ سنٹر، لینڈ ریکارڈ سینٹرز اور رجسٹری برانچ کی جانب بھی خصوصی توجہ دی جائے گی اور معاملات میں شفافیت لائی جائے گی،بعد ازاں کمشنر ارشاد احمد نے میڈیا کے نمائندگان کو ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں