18

ملتان،کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کیلئے وارڈ نمبر 1 تا 5 کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری

ملتان(سٹاف رپورٹر)کنٹونمنٹ بورڈ ملتان کے ہونے والے الیکشن کے لئے وارڈ نمبر 1 تا 5 کے امیدواروں کی حتمی فہرست الیکشن کمیشن ملتان آفس کی جانب جاری کردی گئی ہے،جس کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ ملتان میں ممبر کی سیٹ پر الیکشن لڑنے کے لئے 5 وارڈز سے 33 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے،جن میں سے جانچ پڑتال کے بعد صرف 19 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی قبول کئے گئے،جبکہ 14کے مسترد کر دئیے گئے،واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن ملتان آفس کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری نہیں ہو سکی تھی،وارڈ نمبر 1 سے 8 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جن میں سے صرف تین کے کاغذات قبول ہوئے،جبکہ 5کے مسترد کر دیے گئے اسی طرح وارڈ نمبر 2سے صرف3امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے جو کہ تمام قبول ہوگئے،جبکہ وارڈ نمبر 3سے 2امیدواروں کے قبول 1کے مسترد ہوئے۔ وارڈنمبر 4 سے 9 میں سے 7 امیدواروں کے کاغذات قبول جبکہ دو کے مسترد کر دیے گئے اسی طرح وارڈ نمبر 5 سے 10 امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے جس میں سے 6 مسترد اور 4 قبول کیے گئے۔ کاغذات کے مستردہونے کے خلاف امیدوار 7اگست تک اپیل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ وارڈنمبر 1سے 5تک کے ریٹرننگ آفیسر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملتان محمد سلیم اختر خان اور وارڈنمبر 6سے 10تک کے ریٹرننگ آفیسر چیف ایگزیکٹو کنٹونمنٹ ملتان چوہدری بابر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں