16

ملتان سے سیوریج مسائل کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،ندیم قریشی کی واسا آفس میں گفتگو

ملتان(سٹاف رپورٹر)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان پنجاب حکومت محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ اولیا کرام کے شہر سے سیوریج کے مسائل کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے رواں مالی سال کے دوران جو علیحدہ ترقیاتی بجٹ مختص کیا ہے،اس سے جنوبی پنجاب کی ترقی کا ایک نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے،ملتان شہر میں بھی سیوریج اور واٹر سپلائی کے اربوں روپے مالیت کے جاری منصوبوں کی تکمیل سے فراہمی و نکاسی آب کے دیرینہ مسائل سے چھٹکارا مل جائے گا،انہوں نے کہا کہ مچھلی مارکیٹ چوک پر (54) انچ قطر کی سیوریج لائن کی بند ش کے بعد واسا نے جس احسن انداز سے ایمرجنسی حالات کا مقابلہ کیا،شہریوں کو عارضی ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جس طرح دن رات سیوریج کے بائی پاس منصوبے کو مکمل کیا،منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال اور ان کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے،انہوں نے کہا کہ شریف پورہ، منظور آباد، عزیز کالونی میں سیوریج کے گھمبیر مسائل کے حل کے لئے ڈسپوزل اسٹیشن کے قیام پر عملدرآمد کروایا جارہا ہے اور یہ منصوبہ بھی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوبائی حلقہ پی پی 216میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبوں اور مسائل سے متعلق واسا ہیڈآفس دورہ کے موقع پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا،منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال، ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر سمیت دیگر افسران بھی موقع پر موجود تھے،اس دوران صوبائی حلقہ پی پی 216 میں جاری منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں