6

ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،ٹائم سکیل پروموشن پانے والے21 ورکرز کو لاکھوں روپے کے واجبات کی ادائیگی

ملتان،ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ ورکرز کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم ہے،کمپنی نے ٹائم سکیل پروموشن پانے والے21 ورکرز کو لاکھوں روپے کے واجبات کی ادائیگی کر دی ہے،جبکہ دوران سروس وفات پانے والے ملازمین کے8 ورثا کو ملازمت دینے کے بعد پہلی تنخواہ بھی جاری کر دی گئی ہے،اسی طرح شہر کے چاروں زون میں قائم کمپنی دفاتر کو ائیر کولرز اور واٹر کولرز بھی فراہم کر دئیے گئے،کمپنی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کی فلاح کے لئے گزشتہ ایک ہفتے سے جاری اقدامات پر ورکرز اور میونسپل ایمپلائز ورکرز یونین کے عہدیداران خوشی سے نہال ہیں،ورکرز بارے نوٹی فکیشن کی اطلاع ملنے پر یونین کے صدر منظور حسین، سیکرٹری جنرل سمیع اللہ خان اور دیگر عہدیداران مٹھائی اور پھول لے کر کمپنی ہیڈ آفس پہنچ گئے،یونین عہدیداران نے کمپنی انتظامیہ پر پھول نچھاور کئے،مٹھائی تقسیم کی اور خوشی سے بھنگڑے ڈالے،ایم ڈی ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر اولیاء کی صفائی اور خوبصورتی کمپنی ورکرز کی مرہون منت ہے،ورکرز کمپنی کا اصل اثاثہ،ان کی دیکھ بھال اور مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے۔ ایم ڈی نے کہا کہ کمپنی انتظامیہ نے سینکڑوں ورکرز کو نئے عہدے دے کر ان کو پہچان دی ہے۔ایم ڈی نے کہا کہ کمپنی کے پاس ورکرز کے واجبات کی ادائیگی کا کوئی کیس زیر التوا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کا ایک بڑا چیلنج در پیش ہے،امید ہے کہ ورکرز بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کمپنی کے وقار میں اضافہ کریں گے۔فخرالاسلام ڈوگر نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی انتظامیہ اور ورکرز عیدالاضحیٰ کے موقع مثالی صفائی کا ہدف حاصل کرکے ملتان کے باسیوں کے اعتماد پر پورا اُتریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں